تلنگانہ کے 18 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، حیدرآباد میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

تلنگانہ کے 18 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، حیدرآباد میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے 18 اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ان اضلاع میں گرج چمک اور بجلی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر کھلے مقامات پر غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کرنے اور بجلی کڑکنے کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد میں بھی آج موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کے بعض علاقوں میں اچانک تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ریاست میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




