اب ٹول پلازہ پر بریک نہیں، سیدھی گزرے گی گاڑی – مارچ 2027 تک ختم ہوں گے بیریئر
مارچ 2027 تک بغیر بیریئر ٹول بوتھ، گاڑیوں کو رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی: نتن گڈکری
ممبئی، 11 ستمبر: مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ فاسٹ ٹیگ کی وجہ سے ٹول پلازوں پر گاڑیوں کے انتظار کا وقت 80 سے 90 فیصد تک کم ہوگیا ہے اور مارچ 2027 تک ملک میں بغیر بیریئر والے ٹول بوتھ شروع کردیئے جائیں گے، جہاں ٹول کی ادائیگی کے لیے گاڑی کو رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے بتایا کہ پہلے ٹول پلازوں پر اوسطاً 12 منٹ اور بعض اوقات 30 منٹ تک انتظار کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2026 تک 70 فیصد ٹول بوتھس سے بیریئر ہٹادیئے جائیں گے، جبکہ مارچ 2027 تک یہ کام 100 فیصد مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
نئے نظام میں آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) کو فاسٹ ٹیگ پر مبنی الیکٹرانک ٹول کلیکشن سے جوڑا جائے گا، جس سے انسانی مداخلت کے بغیر ٹول وصول کیا جاسکے گا۔ گڈکری کے مطابق اس نظام سے وقت کی بچت کے ساتھ حکومت کی آمدنی میں اضافہ اور سالانہ تقریباً 5,250 کروڑ روپے کے ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔



