تلنگانہ کے اساتذہ کا بین الاقوامی تعلیمی دورہ نارائن پیٹ کی معلمہ صباء سلطانہ کا انتخاب، فن لینڈ کو روانگی
تلنگانہ کے اساتذہ کا بین الاقوامی تعلیمی دورہ نارائن پیٹ کی معلمہ صباء سلطانہ کا انتخاب، فن لینڈ کو روانگی
نارائن پیٹ: 11 ستمبر (اردو لیکس) محکمہ تعلیم، حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام اساتذہ کی پیشہ وارنہ صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق نکھارنے کے لیے ایک منفرد اساتذہ کا تعلیمی مطالعاتی دورہ اور ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام’ کا آغاز کیا جا رہا ہے
۔ اس باوقار پروگرام کے تحت ریاست بھر سے منتخب اساتذہ اور تعلیمی حکام دنیا کے چار معروف ممالک فن لینڈ، سنگاپور، ویتنام اور جاپان کا دورہ کر کے وہاں کے بہترین تعلیمی نظام اور طریقہ ہائے تدریس کا جائزہ لیں گے۔ اس عالمی تعلیمی مشن کے لیے ضلع نارائن پیٹ کے ضلع پریشد ہائی اسکول (ZPHS) اوٹکور میں تعینات اسکول اسسٹنٹ طبعیات (Physical Science)کی معلمہ محترمہ صباء سلطانہ بنت مرحوم عبد الرحمن گڈلک،اہلیہ محمد عبدالسلیم وڈ وان کا خصوصی طور پر انتخاب عمل میں آیا ہے
۔ وہ اس باوقار وفد کے دوسرے بیاچ (Batch-2) کے حصے کے طور پر 26 ستمبر 2026 سے 3 اکتوبر 2026 تک فن لینڈ کا دورہ کریں گی۔ اس ضمن میں اسکول اسٹاف کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی جس میں محترمہ صباء سلطانہ کے اس باوقار بین الاقوامی دورے کے لیے منتخب ہونے پر ضلع پریشد ہائی اسکول اوٹکور کے اسٹاف، عزیز و اقارب، اور اردو ٹیچرس فورم ضلع نارائن پیٹ کے صدر عبد الغفار، سکریٹری فضل احمد ،خواجہ خلیل الدین احمد، عبدالسلام ، محمد ایوب،خواجہ معین الدین، خدیجہ بانو بیگم، زرینہ بیگم اور جہانگیر سر نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اسٹاف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صباء سلطانہ کا یہ انتخاب نہ صرف اسکول اور ضلع نارائن پیٹ بلکہ پوری ریاست کے اساتذہ کے لیے باعثِ فخر ہے، اور ان کا یہ دورہ مقامی تعلیمی نظام کی بہتری میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔



