جنرل نیوز

جنگاؤں میں 20 ستمبر کو جلسۂ سیرت النبی ﷺ و تقسیمِ انعامات

جنگاؤں 17/ ستمبر (نامہ نگار): جمعیت علماء جنگاؤں کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے جلسۂ سیرت النبی ﷺ و تقسیمِ انعامات کا عظیم الشان پروگرام 20 ستمبر بروز اتوار منعقد کیا جائے گا۔ پروگرام بعد نمازِ ظہر دوپہر 1:30 بجے تا عصر 5:00 بجے گایتری گارڈنس فنکشن ہال، بالمقابل جدید عیدگاہ، سدی پیٹ روڈ، جنگاؤں میں منعقد ہوگا۔

 

پروگرام کی سرپرستی حضرت مولانا عبد الحفیظ صاحب قاسمی، سرپرست جمعیت علماء جنگاؤں فرمائیں گے، جبکہ صدارت مولانا عبد الرحمن صاحب سبیلی، صدر جمعیت علماء جنگاؤں کریں گے۔

 

پروگرام میں خصوصی مہمانان کی حیثیت سے حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، اسٹیٹ جنرل سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ، مولانا عبد الستار صاحب قاسمی، ریاستی نائب صدر جمعیت علماء تلنگانہ، مفتی محمد یونس قاسمی صاحب، صدر جمعیت علماء کریم نگر، اور مفتی زکریا احمد صاحب قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ورنگل شرکت کریں گے۔

 

واضح رہے کہ جمعیت علماء جنگاؤں کی جانب سے منعقدہ سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا تھا۔ اس موقع پر کوئز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔

 

جمعیت علماء جنگاؤں کے ذمہ داران نےتمام شرکاء، طلبہ و طالبات، ان کے والدین و سرپرستوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں۔ خواتین کے لیے پردے کا بھی مناسب انتظام رہے گا۔

 

جمعیت علماء جنگاؤں کے ذمہ داران نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا، دینی تعلیم کی طرف راغب کرنا اور طلبہ میں اسلامی معلومات کے حصول کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button