عادل آباد رِمس ہاسپٹل آتشزدگی واقعہ میں مزید دو بچوں کی موت: مرنے والے بچوں کی تعداد 5 ہوگئی، 20 کی حالت تشویشناک
عادل آباد – تلنگانہ کے عادل آباد کے رِمس ہاسپٹل میں پیش آئے حادثے میں فوت ہونے والے نومولود بچوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہوگئی ہے، جبکہ مزید 20 بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز دو بچوں کو حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا جارہا تھا، اسی دوران ان کی موت ہوگئی۔ الزام ہے کہ رِمس ہاسپٹل انتظامیہ نے اس واقعہ کو منظر عام پر آنے سے روکنے کی کوشش کی۔ زیر علاج ایک اور بچے کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
عادل آباد کے رِمس ہاسپٹل میں پیر کی نصف شب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک شیر خوار بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ بچوں کے وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث اے سی پھٹنے سے اچانک دھواں بھر گیا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہاسپٹل عملے نے فوری طور پر وارڈ میں موجود بچوں کو باہر نکالا۔
حادثے کے وقت وارڈ میں تقریباً 30 بچے موجود تھے، جن میں سے کئی بچے متاثر ہوئے۔ انہیں علاج کے لئے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ واقعہ کے بعد بچوں کے والدین میں تشویش پھیل گئی۔




