دو پجاریوں اور بیوی کو ایک شخص نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اترپردیش میں ہولناک واقعہ

ضنئی دہلی: اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں اہراولہ پولیس اسٹیشن کے تحت شنبھو گنج گاؤں میں منگل کی شام ایک انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا۔ اروند سنگھ نامی شخص نے اپنے گھر میں پوجا پاٹھ کے دوران شدید تنازع پر اپنی لائسنس یافتہ رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ میں پوجا کرانے والے دو پنڈت مہندر پاٹھک (عمر 60 سال) اور اکھلیش مشرا (عمر 50 سال) کے علاوہ ملزم کی بیوی ببیتا (عمر 32 سال) موقع پر ہی گولی لگنے سے موت ہوگئی۔ اروند سنگھ کے بھائی کا ماضی میں قتل ہو چکا تھا اس کے لیے ماں اور بیوی نے پنڈتوں کے ذریعے پوجا اور رسومات کا اہتمام کیا تھا۔
اروند سنگھ شروع سے ہی اس پوجا کی سخت مخالفت کر رہا تھا۔ منگل کی شام جب وہ بازار سے گھر لوٹا اور پوجا جاری دیکھی تو غصے میں آ گیا پنڈتوں سے ان کے آدھار کارڈ مانگنے پر جھگڑا بڑھ گیا اور اس نے گولیاں چلا دیں۔تینوں افراد کو قتل کرنے کے بعد ملزم اروند سنگھ اپنے سات ماہ کے شیرخوار سمیت تین بچوں کو لے کر گھر کے ایک کمرے میں بند ہو گیا
اور انہیں یرغمال بنا لیا جس کی وجہ سے پورے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی ضلعی مجسٹریٹ رویندر کمار اور سینئر ایس پی انل کمار کی قیادت میں بھاری پولیس فورس اور کمانڈوز موقع پر پہنچ گئے اور گھر کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے تقریباً 7 گھنٹے تک ملزم کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی۔
بچوں کی جان بچانے کے لیے پولیس نے جوابی کارروائی کی جس میں اروند سنگھ مارا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے تینوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



