جنرل نیوز

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

حیدرآباد ۔ نہایت رنج و الم کے ساتھ فقیہِ اہل بیتؑ، مرجعِ عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ کی رحلتِ جانگداز پر عالمِ تشیع، مراجعِ عظام، علماء و فضلاء، حوزه‌های علمیہ، شاگردان، مقلدین اور تمام محبانِ اہل بیتؑ کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

 

حضرت آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ نے اپنی پوری بابرکت زندگی علم و فقاہت، معارفِ اہل بیتؑ کی ترویج، تربیتِ طلاب و فضلاء اور خدمتِ دین میں صرف فرمائی۔ آپؒ کی علمی شخصیت، تقویٰ، زہد اور اخلاقی عظمت حوزۂ علمیہ کی علمی و روحانی روایت کا ایک درخشاں باب تھی۔

 

آپؒ نے کئی سال تک حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں امامِ جماعت کی حیثیت سے فرائض انجام دیے اور زائرین و مؤمنین کی دینی و روحانی رہنمائی فرمائی۔

 

آپؒ انقلابِ اسلامی کے حامی اور اسلامی نظام و دینی اقدار کے خیرخواہ تھے، اور ساتھ ہی ایک نہایت دردمند، متواضع اور صاحبِ احساس انسان تھے۔ لوگوں کے مسائل اور مؤمنین کی مشکلات کے تئیں آپؒ کی حساسیت اور خیرخواہی آپؒ کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھی۔

 

آپؒ کی رحلت حوزۂ علمیہ اور عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی فقدان ہے۔اس غمِ عظیم میں ہم حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزه‌های علمیہ، خاندانِ مکرم، شاگردان و متعلقین اور تمام مؤمنین و مقلدین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

 

بارگاہِ خداوند متعال میں دعا ہے کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کو جوارِ محمد و آلِ محمدؐ میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبول بخشے، اور تمام پسماندگان، شاگردان و ارادتمندان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔خداوند متعال روحِ مطہرِ آن مرجعِ عالیقدر را با اولیائے طاہرینؑ محشور فرماید۔آمین یا رب العالمین۔

مولانا تقی آغا صاحب

اعلانِ مجلسِ ایصالِ ثواب

مرحوم کے لیے ایصالِ ثواب کی مجلس منعقد کی جائے گی۔

بروز جمعرات

وقت: شام 7:30 بجے

مقام: دفترِ مجلس علماء ہند، نور خان بازار، حیدرآباد

خطاب: مولانا تقی آغا صاحب

 

تمام مؤمنین سے شرکت اور ایصالِ ثواب میں شامل ہونے کی درخواست ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button