تلنگانہ

حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے 8 اضلاع میں 26 ستمبر تک بارش

حیدراباد – ہوا کے کم دباؤ کے نظام کے اثرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے چہارشنبہ کے روز تلنگانہ کے 8 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، مولوگو، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع میں بعض مقامات پر 20 سینٹی میٹر سے زائد انتہائی شدید بارش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، جگتیال اور کریم نگر سمیت کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ جمعرات کو بھی کئی اضلاع میں ریڈ اور اورنج الرٹ برقرار رہے گا۔

 

دوسری جانب حیدرآباد اور اس کے اطراف کے اضلاع میں 26 ستمبر تک ہلکی سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ منگل کی رات خیرت آباد، کوکٹ پلی اور مشیرآباد سمیت حیدرآباد کے کئی علاقوں میں درمیانی بارش ہوئی۔

 

شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے سرکاری مشینری کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی اور پولیس کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

 

عہدیداروں نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button