چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مہوا مترا کی پولیس میں شکایت – ووٹر لسٹ میں ’ردوبدل‘ کا الزام
نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا مترا نے جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں میں مبینہ طور پر ردوبدل کیا اور ووٹر لسٹوں کی دیکھ بھال کرنے والے مقامی حکام کو نظرانداز کرتے ہوئے کمیشن کے آئی ٹی نظام کے ذریعے فیصلہ کئے گئے۔
مہوا مترا کی شکایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دی انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ الیکشن کمشنرس سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران خصوصی نظرثانی (SIR) سے متعلق فیصلوں اور احکامات پر کم از کم 14 مرتبہ اعتراضات اٹھائے تھے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہوا مترا نے گیانیش کمار پر ’’مجرمانہ طرز عمل‘‘ کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تین کمشنرز ہوتے ہیں تاکہ ادارے میں توازن اور نگرانی برقرار رہے، تاہم ان کے مطابق سندھو اور جوشی نے گزشتہ 10 ماہ میں 14 مواقع پر گیانیش کمار کے اقدامات سے اختلاف کیا۔



