نیتن یاہو کا ممدانی پر حملہ، ’مجھے نیویارک آنے سے روکنے کی کوشش کی‘ – اہلیہ کی پوسٹس کا بھی حوالہ

حیدراباد -25 ستمبر (اردو لیکس ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے نیویارک کے میئر زہران ممدانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ ممدانی نے انہیں نیویارک آنے سے روکنے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کی۔
نیتن یاہو نے کہا، ’’آپ نے بار بار یہ جھوٹ پھیلایا کہ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔ آپ نے مجھے اس اجلاس میں آنے سے روکنے کی کوشش کی اور میری آواز دبانے کی کوشش کی، لیکن آپ کبھی سچ کو خاموش نہیں کرسکتے۔ اسرائیل نے کبھی نسل کشی نہیں کی بلکہ نسل کشی کو روکا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ممدانی کی اہلیہ راما دواجی نے اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر حماس کے حملے کی حمایت کرنے والی ایک پوسٹ کو ’لائیک‘ کیا تھا اور ایک ایسی پوسٹ کی بھی تائید کی تھی جس میں تل ابیب کے وجود کو ختم کرنے کی بات کی گئی تھی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ ممدانی نے ان پوسٹس کی مذمت نہیں کی۔
ممدانی نے نیتن یاہو کے الزامات کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے جھوٹ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ ممدانی نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں جاری گرفتاری وارنٹ کا بھی حوالہ دیا۔
ممدانی ماضی میں نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دے چکے ہیں اور امریکی حکومت سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ اگر وہ نیویارک آئیں تو ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ پر عمل کیا جائے۔



