تلنگانہ

ریونت ریڈی کی ’آمرانہ حکمرانی‘ میں سرکاری اسپتال بدحالی کا شکار : کے کویتا

ریونت ریڈی کی ’آمرانہ حکمرانی‘ میں سرکاری اسپتال بدحالی کا شکار

عادل آباد ریمس سانحہ بھولے بھی نہیں تھے کہ بھوپال پلی سرکاری اسپتال کے SNCU کی چھت منہدم

سرکاری اسپتال جانے والے عوام کی جانوں کی کوئی ضمانت نہیں

 

*’آپریشن بلیو کوڈ‘ کے تحت سرکاری اسپتالوں کی بدترین صورتحال عوام کے سامنے لائیں گے: کویتا*

 

حیدرآباد: تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کی حکمرانی میں ریاست کے سرکاری اسپتالوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے بھوپال پلی سرکاری اسپتال کے SNCU میں چھت کا حصہ گرنے کے واقعہ پر ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کویتا نے کہا کہ عادل آباد RIMS اسپتال میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں پانچ شیرخوار بچوں کی موت کو ابھی بھلایا بھی نہیں گیا تھا کہ بھوپال پلی سرکاری اسپتال میں چھت کا حصہ منہدم ہوگیا۔ اس واقعہ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عوام کی جانوں کے تئیں حکومت کس قدر لاپرواہی برت رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جس وقت چھت کا حصہ گرا خوش قسمتی سے وارڈ میں بچے موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ورنہ حکومت کی لاپروائی کے باعث مزید معصوم بچے بھی اس حادثے کا شکار ہوسکتے تھے۔ کویتا نے تشویش ظاہر کی کہ کانگریس حکومت میں سرکاری اسپتال جانے والے عوام کی جانوں کی کوئی ضمانت نہ ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بات بات پر عوامی حکمرانی کا دعویٰ کرنے والے وزیر اعلیٰ کیا یہی آپ کی عوامی حکمرانی ہے؟ آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہی سرکاری اسپتال اس قدر بدترین حالت میں پہنچ گئے ہیں۔

 

کویتا نے کہا کہ اسپتالوں میں صفائی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے اور مریضوں کے لیے بنیادی سہولیات اور ادویات تک دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسپتالوں میں بستروں کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کا وہیل چیئر پر علاج کرنے کی افسوسناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل کانگریس حکومت کے باعث سرکاری اسپتالوں کی حالت کتنی قابل رحم ہوچکی ہے اسے جلد ہی عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

 

کویتا نے کہا کہ "آپریشن بلیو کوڈ” کے نام سے تلنگانہ رکشنا سینا کے قائدین ریاست بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کا دورہ کریں گے اور حکومت کی ناکامی کے باعث اسپتالوں میں پیدا ہونے والی دگرگوں صورتحال کو عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں کویتا نے وقارآباد ضلع کے اننت گیری گھاٹ روڈ پر ایک نجی بس کے الٹ جانے کے نتیجے میں تین افراد کی موت کے واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ انہیں شدید متاثر کرگیا ہے۔ کویتا نے حادثے میں جان گنوانے والے افراد کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی علاج فراہم کیا جائے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button