تلنگانہ

’’مودی سے لے کر تمام چیف منسٹرس کے انتخابات غیر قانونی‘‘، کھرگے کا بڑا الزام؛ بیلٹ پیپر سے نئے انتخابات کا مطالبہ

کانگریس صدر مَلّیکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں ہونے والے تمام انتخابات غیر قانونی ہیں اور موجودہ حکومتیں بھی انہی انتخابات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ کرناٹک کے کلبرگی میں قومی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا اور تمام ریاستی اسمبلیاں تحلیل کرکے بیلٹ پیپر کے ذریعے نئے انتخابات کرائے جائیں۔

 

کھرگے نے کہا کہ موجودہ انتخابی عمل پر اٹھنے والے سوالات کے پیش نظر حکومتوں اور اسمبلیوں کو تحلیل کرکے نئے سرے سے انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’غیر قانونی وزیراعظم‘‘، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ’’غیر قانونی وزیر‘‘ اور ریاستوں کے منتخب چیف منسٹرس کو بھی ’’غیر قانونی‘‘ قرار دیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی اور انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔ انڈیا اتحاد نے 2 سے 8 اکتوبر تک ’’سیو ڈیموکریسی‘‘ مارچ کا اعلان کیا ہے، جبکہ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ 6 اکتوبر کو الیکشن کمیشن تک مارچ کریں گے۔

 

کھرگے نے کہا کہ عوام، بالخصوص نوجوانوں میں ووٹ کے حق سے متعلق بیداری پیدا کی جائے گی اور انتخابی عمل سے متعلق مسائل کو عوام کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button