آئی فون کی چوری۔ چور نے میسج کرکے لڑکی سے مانگا پاس ورڈ

نئی دہلی: ایک چور نے جو حرکت کی وہ کچھ ہنسانے والی بھی ہے اور اس کی نادانی پر تھوڑا ترس بھی آتا ہے۔ ذرا تصور کریں آئی فون چوری کرنے کے بعد وہی چور متاثرہ لڑکی کو تقریباً ایک ماہ بعد اسکے دوسرے نمبر پر میسج کرکے فون کا پاس ورڈ مانگ لے!
اتراکھنڈ میں پیش آنے والا یہ عجیب واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔دہرادون میں ایک لڑکی کا آئی فون چوری ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد خود چور نے اس سے رابطہ کرکے فون کا پاس ورڈ مانگا۔12 ستمبر 2026 کو کلیمنٹ ٹاؤن میں کوشکی دھیانی کا آئی فون چوری ہوگیا۔ صرف اس کا فون ہی نہیں بلکہ اس کے دوست کے بھائی سکشَم نیگی کے فون سمیت کئی افراد کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور میک بُک بھی چوری کیے گئے۔
کوشکی کے مطابق ان چوریوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان چلا گیا۔کوشکی جس عمارت میں رہتی تھی وہاں سے 5 سے 6 موبائل فون اور لیپ ٹاپ چوری ہوئے۔ اسی دن قریبی پیئنگ گیسٹ اور ہاسٹلوں میں بھی چوریاں ہوئیں۔اس نے بتایا کہ یہ چوریاں صبح 4 بجے سے 8 بجے کے درمیان ہوئیں اور اس کا فلیٹ چوروں کا آخری ہدف تھا۔
اس کے بعد بھی اسی علاقے میں مزید 16 چوریاں ہونے کا اس نے دعویٰ کیا۔اس واقعے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ فون چوری کرنے کے تقریباً ایک ماہ بعد چور نے خود کوشکی سے اس کے دوسرے نمبر پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا اور آئی فون کا پاس ورڈ مانگا۔کوشکی نے بتایا کہ فون میں اس کا ایک نمبر نظر آنے کی وجہ سے چور نے اس سے رابطہ کیا۔
کوشکی نے اس چیٹ کے اسکرین شاٹس پولیس کو بھی دیے تاہم اس کا الزام ہے کہ پولیس نے اس پر مناسب کارروائی نہیں کی۔اس نے بتایا کہ جب وہ پولیس اسٹیشن گئی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور اسے بعد میں آنے کے لیے کہا گیا۔ کوشکی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اب چور پولیس سے بھی نہیں ڈرتے۔
اس کے مطابق چوروں کو معلوم ہے کہ اتراکھنڈ پولیس انہیں پکڑ نہیں سکتی اور نہ ہی ان کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔دوسری جانب امندیپ نیگی نامی شخص نے بھی 16 ستمبر کو کلیمنٹ ٹاؤن میں کُشاگر جیسوال سے متعلق لاکھوں روپے مالیت کے سامان کی چوری کے بارے میں ایک ایسی ہی ویڈیو شیئر کی تھی تاہم پولیس نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔
سٹی ایس پی شیکھر سُیال نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پولیس نے معاملے کو نظرانداز کیا ہے بلکہ سرکل آفیسر اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔




