یو پی آئی لین دین پر اضافہ کا فیصلہ ملتوی

نئی دہلی:نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا نے 2 ہزار روپے سے زیادہ کی تجارتی یو پی آئی ادائیگیوں پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ عائد کرنے کے فیصلے کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔
این پی سی آئی نے ابتدائی طور پر بعض یو پی آئی ادائیگیوں پر 0.4 فیصد ایم ڈی آر چارجز 15 اکتوبر سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب اسے دیوالی کے بعد نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔این پی سی آئی کے مطابق تہواروں کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
چارجز وصول کرنے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔یہ چارج صرف اس وقت لاگو ہوگا جب کسی تاجر کو کی جانے والی ادائیگی 2 ہزار روپے سے زیادہ ہو۔ اس فیس کی ادائیگی تاجروں کو خود کرنی ہوگی اور اسے صارفین سے وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ 75 ہزار روپے یا اس سے زیادہ کی لین دین پر ایم ڈی آر چارج کی زیادہ سے زیادہ حد 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ افراد کے درمیان ہونے والی یو پی آئی ادائیگیوں پر یہ چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔



