بزنس

جیو پلیٹ فارمز کے آئی پی او نے تاریخ رقم کردی – صرف 100 منٹ میں مکمل سبسکرپشن

ممبئی : ریلائنس انڈسٹریز کے ذیلی ادارے جیو پلیٹ فارمز کے عوامی حصص اجرا (آئی پی او) نے ہندوستانی بازار میں نئی تاریخ رقم کردی۔ 30,213 کروڑ روپے مالیت کے اس آئی پی او کو آغاز کے صرف 100 منٹ کے اندر مکمل طور پر سبسکرائب کرلیا گیا، جبکہ شام 5 بجے تک اسے مجموعی طور پر 3.01 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔ اینکر سرمایہ کاروں سمیت مجموعی طور پر 74,610 کروڑ روپے مالیت کی بولیاں موصول ہوئیں۔

 

آئی پی او میں سرمایہ کاروں کے لیے 19.75 کروڑ حصص دستیاب رکھے گئے تھے، جن کے مقابلے میں 59.44 کروڑ حصص کے لیے بولیاں موصول ہوئیں۔ فی حصص 1,119 روپے کی بالائی قیمت کے حساب سے ان بولیوں کی مالیت تقریباً 66,500 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اینکر سرمایہ کاروں کی جانب سے 8,110 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔

 

اس طرح جیو پلیٹ فارمز ہندوستانی بازار میں انتہائی تیزی سے مکمل سبسکرپشن حاصل کرنے والے بڑے آئی پی اوز میں شامل ہوگیا۔ اس کے برعکس ہنڈائی موٹر انڈیا کے آئی پی او کو پہلے دن کے اختتام تک صرف 18 فیصد سبسکرپشن حاصل ہوا تھا۔

 

ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے زمرے (کیو آئی بی) میں 9.02 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔ اس زمرے میں 4.90 کروڑ حصص دستیاب تھے، جبکہ 44.22 کروڑ حصص کے لئے بولیاں داخل کی گئیں۔ غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (این آئی آئی) کے زمرے کو 1.58 گنا اور خوردہ سرمایہ کاروں کے زمرے کو 0.68 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔

 

اسی طرح ملازمین کے لیے مختص حصص کو 1.30 گنا جبکہ موجودہ شیئر ہولڈرس کے زمرے کو 1.38 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button