جرائم و حادثات

20 روپے کی پانی کی بوتل کیلئے پیٹ پیٹ کر ایک شخص کا قتل۔ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے نوجوان کی موت

حیدرآباد : ’’میری بیوی اور بچے ہیں، مجھے مت مارو، مجھے چھوڑ دو‘‘ زخمی نوجوان درد سے تڑپتے ہوئے بار بار رحم کی بھیک مانگتا رہا لیکن حملہ آوروں کو ذرا بھی ترس نہیں آیا۔ محض 20 روپے مالیت کی پانی کی بوتل چرانے کی کوشش کے الزام میں چار افراد نے اسے لاٹھیوں سے اس قدر بے رحمی سے پیٹا کہ اس کی موت ہوگئی۔ یہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ریاست آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کا ماسا سائی کمار (33) گزشتہ چھ سال سے اپنے خاندان سے دور رہ رہا تھا اسے تین بچے بتائے گئے ہی٫۔سائی کمار ضلع یادادری بھونگیر کے موتکور میں واقع ایک فاسٹ فوڈ سینٹر میں کام کرتا تھا۔ وہ کبھی کبھار اپنے خاندان سے ملنے جایا کرتا تھا۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل اس نے فاسٹ فوڈ سینٹر کے منتظمین کو بتایا تھا کہ وہ وشاکھاپٹنم جا رہا ہے۔ تین دن پہلے اس نے اپنی بیوی کو فون کرکے بتایا کہ وہ وجئے واڑہ میں ہیں۔اس دوران 18 تاریخ کی آدھی رات کے بعد پٹامٹہ ڈونکا روڈ پر شراب کی ایک دکان کے قریب واقع پان کی دکان کے فریج سے سائی کمار نے پانی کی بوتل نکالنے کی کوشش کی۔ اسی وقت وہاں دودھ سپلائی کرنے والی ایک گاڑی پہنچی۔ ڈرائیور نے سائی کمار کو دیکھ لیا اور فون کرکے پان کی دکان پر کام کرنے والے روی شنکر کو اطلاع دی۔ ڈرائیور سائی کمار کو روی شنکر کے حوالے کرکے وہاں سے چلا گیا۔ اس کے بعد روی شنکر نے سائی کمار پر گھونسوں سے حملہ کردیا۔ اسے بے تحاشہ پیٹا اور گھسیٹتے ہوئے دکان کے پیچھے واقع ایک تنگ گلی میں لے گیا۔ وہاں ایک بار میں کام کرنے والا ایّا پّا شنکر بھی اس کے ساتھ شامل ہوگیا۔دونوں نے مل کر سائی کمار کے ہاتھ پیچھے کی طرف موڑے اور اسے برقی کے کھمبے سے باندھ دیا۔ پھر لاٹھیوں سے اس کی شدید پٹائی کی۔اسی دوران وہاں سے گزرنے والے دو دیگر افراد پوتام شیٹی نوین اور سائی پرنیت بھی اس تشدد میں شامل ہوگئے۔ چاروں نے مل کر تقریباً دو گھنٹے تک سائی کمار کو وحشیانہ انداز میں پیٹا۔سائی کمار مسلسل فریاد کرتا رہا کہ اس کی بیوی اور بچے ہیں اسے چھوڑ دیا جائے لیکن حملہ آوروں نے ان کی ایک نہ سنی۔پیر کی علی الصبح جب سائی کمار بے ہوش ہوکر گر پڑا تو چاروں ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس جائے حادثہ پر پہنچی پولیس نے سائی کمار کو مردہ پایا۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرے تحقیقات شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button