تلنگانہ
شمس آباد ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، 109 مسافر محفوظ

حیدرآباد: شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعہ کے روز ایئر انڈیا کے ایک طیارے کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر واپس اتارنا پڑا۔ طیارے نے مسافروں کے ساتھ اڑان بھری تھی، تاہم ٹیک آف کے محض پانچ منٹ بعد اس میں سنگین تکنیکی خرابی کا پتہ چلا۔
پائلٹ نے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے عہدیداروں کو مطلع کیا اور طیارے کا رخ دوبارہ شمس آباد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔ بعد ازاں طیارے کو بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔
طیارے میں مجموعی طور پر 109 مسافر سوار تھے۔ پائلٹ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام مسافر محفوظ رہے، جس سے ایئرپورٹ حکام اور مسافروں نے راحت کی سانس لی۔
لینڈنگ کے بعد انجینئرنگ اور تکنیکی ٹیم نے طیارے میں پیدا ہونے والی خرابی کی جانچ شروع کردی۔



