شوہر نے پیار سے گلے لگایا بیوی کی پسلیاں ہی ٹوٹ گئیں

نئی دہلی: چین میں پیش آنے والا ایک عجیب و غریب واقعہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے رات کا کھانا چھوڑنے والی ایک خاتون کو اس وقت شدید چوٹیں آئیں جب اس کے شوہر نے محبت سے اسے گلے لگایا۔
شوہر کے گلے لگانے سے خاتون کی پانچ پسلیاں ٹوٹ گئیں اور ایک ہڈی میں کریک (دراڑ) آ گیا۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جیانگسو صوبے میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ‘وانگ’ نامی شخص نے جب دیکھا کہ اس کی اہلیہ کو سردی ہو رہی ہے تو اس نے اسے محبت سے گلے لگا لیا۔
تاہم اس کے فوراً بعد خاتون شدید درد سے تڑپتی ہوئی زمین پر بیٹھ گئی۔ پہلے تو وہ درد برداشت کرتی ہوئی پوری رات گزارتی رہی لیکن اگلی صبح وہ اسپتال گئی۔جب ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کی پانچ پسلیاں ٹوٹ چکی ہیں اور ایک ہڈی میں دراڑ آ گئی ہے۔
اس واقعے پر شوہر وانگ کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی بیوی کو معمول کے مطابق ہی گلے لگایا تھا اور وہ یہ کبھی نہیں سوچ سکتا تھا کہ اتنی شدید چوٹیں لگ جائیں گی۔شوہر نے بتایا کہ اس کی بیوی کا وزن تقریباً 50 کلوگرام ہے اور وزن کم کرنے کی غرض سے وہ آج کل اکثر رات کا کھانا چھوڑ کر صرف ایک کپ کافی پر گزارا کر رہی تھی۔
اس کے علاوہ گھر کے اندر زیادہ وقت گزارنے کی وجہ سے اسے دھوپ میں نکلنے کا موقع نہیں ملتا تھا جس سے اس میں وٹامن کی کمی واقع ہو گئی۔دوسری جانب خاتون کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا ہے
کہ اس کی ہڈیوں کے کمزور ہونے (آسٹیوپوروسس – Osteoporosis) کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔



