تمل ناڈو میں بارش کی تباہی، لینڈ سلائیڈنگ سے بس ڈرائیور ہلاک، سڑکیں بند؛ مزید شدید بارش اور طوفان کا انتباہ
چنئی: تمل ناڈو میں شمال مشرقی مانسون کی شدت کے باعث موسلادھار بارش نے کئی اضلاع میں تباہی مچا دی ہے۔ سیلابی پانی سے مکانات اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں کو نقصان پہنچا اور پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے آمدورفت متاثر ہوگئی۔ نیلگیریس ضلع میں مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے سرکاری بس کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا، جبکہ کیرالا کے 100 سے زائد طلبہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیلگیریس ضلع میں شدید بارش کے باعث اوٹی۔میٹوپلائم اور اوٹی۔کونور شاہراہوں پر مٹی، پتھر اور درخت گرنے سے ٹریفک بند ہوگئی۔ ایک سرکاری بس مٹی کے تودے میں دب گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جانا راج ہلاک ہوگیا، جبکہ کنڈکٹر کیسن کو ریسکیو اہلکاروں نے کیچڑ سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ بس کے پیچھے تقریباً 300 میٹر کے فاصلے پر موجود کیرالا کے طلبہ کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں، تاہم تمام طلبہ کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔
ضلع کے مختلف علاقوں میں پہاڑی سڑکوں پر مٹی کے تودے گرنے سے آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ حکام نے احتیاطی طور پر سیاحتی مقامات بند کردیئے، پہاڑی ریل خدمات معطل کردیں اور سیاحوں کو تین دن تک نیلگیریس کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سڑکوں سے ملبہ ہٹانے اور راستوں کی بحالی کے لیے مشینری اور امدادی عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دینڈیگل ضلع کے کوڈائیکنال میں شدید بارش کے نتیجے میں مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرے اور سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ اڈوکم پنچایت سے رابطہ منقطع ہوگیا، جبکہ درخت گرنے کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی سربراہی بھی متاثر ہوئی۔ حکام نے خطرے کے پیش نظر سیاحتی مقامات کو بند رکھنے اور سڑکوں کی مرمت کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
مدورائی، کنیاکماری اور دیگر جنوبی اضلاع میں بھی بارش اور سیلابی پانی سے نشیبی علاقے، مکانات اور زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے۔ ویرو دھونگر ضلع کے ستور کے قریب ایک مکان کی دیوار گرنے سے 17 سالہ طالبہ موتوچلوی ہلاک اور اس کی والدہ زخمی ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کو تھینی، دینڈیگل اور مدورائی میں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے، جبکہ کڈلور، ناگاپٹنم، تھنجاوور، نیلگیریس، کوئمبٹور اور دیگر اضلاع میں بھی شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ خلیج بنگال میں موسمی نظام کے مزید شدت اختیار کرنے کی پیش قیاسی کے پیش نظر ساحلی بندرگاہوں پر بھی طوفان سے متعلق انتباہی سگنل جاری کئے گئے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔



