راہول گاندھی ملک کے سب سے بڑے جھوٹے – جبران شریف کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کانگریس قائد راہول گاندھی پر تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ملک کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے 6 گیارنٹی اور 13 ڈیکلریشن سمیت 420 وعدے کئے تھے، جنہیں 100 دن میں پورا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن ایک ہزار دن گزرنے کے باوجود وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
کے ٹی آر خیریت آباد کے نوجوان قائد جبران شریف کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ جبران شریف نے سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ کے ٹی آر نے انہیں گلابی کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔
کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ تلنگانہ کو راہول گاندھی کے لیے اے ٹی ایم میں تبدیل کردیا گیا ہے اور ریاست میں بدعنوانی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت عوام کی رقم کا استحصال کررہی ہے اور راہول گاندھی تلنگانہ کے عوام کا سامنا کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
اس موقع پر سابق وزراء محمود علی اور تلنگانہ سرینواس یادو کے علاوہ بی آر ایس کے اقلیتی قائدین، کارکنان اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔



