نیشنل

لکھنؤ میں دن دہاڑے فائرنگ، آر ایس ایس کے سابق لیڈر سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک

لکھنؤ: اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پیر کی صبح پارکنگ اور مکان کے سامنے چبوترہ بنانے کے تنازعہ پر فائرنگ کے واقعہ میں آر ایس ایس کے سابق ضلعی عہدیدار، ان کے بھائی اور تاجر بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے ملزم رشبھ شکلا کو پستول کے ساتھ حراست میں لے لیا ہے۔

 

یہ واقعہ سعادت گنج پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع نوابستہ کے برہمن ٹولہ میں صبح تقریباً 10:35 بجے پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت 62 سالہ شیواجی تیواری، ان کے بھائی شیویندر تیواری عرف شمبھو اور 30 سالہ بیٹے سویش تیواری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ شیواجی تیواری سکریٹریٹ کے ریٹائرڈ ملازم تھے اور آر ایس ایس کے ضلعی سر کاریہ واہ رہ چکے تھے، جبکہ ان کے بھائی لکھنؤ یونیورسٹی میں ملازمت کرتے تھے۔ سویش برقی سامان کا کاروبار کرتے تھے اور 5 دسمبر کو ان کی شادی مقرر تھی۔

 

اطلاعات کے مطابق مکان کے سامنے برگد کے درخت کے نیچے چبوترہ تعمیر کرنے پر شیواجی تیواری کے خاندان اور پڑوسی رشبھ شکلا کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل بھی یہ معاملہ پولیس تک پہنچا تھا، جس کے بعد تعمیراتی کام روک دیا گیا تھا۔ پیر کی صبح سویش نے اسی چبوترے کے قریب اپنی کار کھڑی کی، جس پر تنازعہ دوبارہ شدت اختیار کرگیا۔

 

بتایا جاتا ہے کہ شیویندر کے گھر سے باہر نکلنے پر رشبھ شکلا سے بحث شروع ہوگئی۔ شور سن کر شیواجی تیواری بھی باہر آگئے۔ اسی دوران فائرنگ کی گئی، جس میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ گولیوں کی آواز سن کر سویش بھی باہر آئے تو انہیں گھر کے قریب سیڑھیوں پر گولی مار دی گئی۔ والد اور بیٹے کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ شیویندر نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

 

مہلوکین کے افراد خاندان کی شکایت کے مطابق، حملہ آوروں نے پہلے لاٹھیوں اور پتھروں سے مارپیٹ کی اور بعد میں فائرنگ کی۔ خاندان نے ملزمین پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے احتیاطی طور پر متاثرہ خاندان کے مکان کے باہر فورس تعینات کردی ہے۔

 

پولیس کمشنر ترون گابا نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ان کے مطابق پارکنگ کے تنازعہ پر یہ واقعہ پیش آیا اور ملزم کو پستول کے ساتھ حراست میں لیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے دوران تقریباً 8 سے 10 راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

فائرنگ کرنے والا ملزم رشبھ شکلا

متعلقہ خبریں

Back to top button