شادی کے 3 ماہ بعد ہوٹل میں دلہن کی پراسرار موت، دروازے پر اچانک گرنے کا ویڈیو وائرل، شوہر حراست میں
شادی کے تین ماہ بعد ہوٹل میں دلہن کی مشتبہ موت، شوہر پر قتل کا الزام، سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل
اتر پردیش: جھانسی کے سیپری بازار پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع رشبھ ہوٹل میں 28 سالہ مسکان سیمولیا کی شادی کے محض تین ماہ بعد مشتبہ حالات میں موت ہوگئی۔ متوفیہ کے والد رام جی لال نے اپنے داماد اور بینک منیجر نیلیش پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یہ واقعہ 24 اکتوبر کو اس وقت سامنے آیا جب مسکان اپنے شوہر کے ساتھ ہوٹل کے کمرہ نمبر 212 میں ٹھہری ہوئی تھی۔ شوہر کے مطابق، ہوٹل سے روانگی کے وقت مسکان اچانک گر پڑی، جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
اس معاملے میں ہوٹل کی راہداری کا 47 سیکنڈ کا سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ ویڈیو میں تین افراد کو کمرے کی جانب جاتے اور دو افراد کو کمرے میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد مسکان دروازے کے باہر اچانک گرتی دکھائی دیتی ہے۔
والد رام جی لال اہروار کے مطابق، مسکان کی شادی 29 جون کو مدھیہ پردیش کے ودیشا کے رہنے والے نیلیش سے ہوئی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ شادی کے بعد بیٹی نے بتایا تھا کہ نیلیش پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کی پہلی بیوی اندور میں رہتی ہے۔ اسی معاملے پر وہ مسکان کو مبینہ طور پر پریشان کرتا تھا۔ والد نے الزام لگایا کہ نیلیش نے مسکان کا منہ پکڑ کر دیوار پر مارا، جس سے اس کے سر پر چوٹ لگی اور اس کی موت ہوگئی۔
سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پریتی سنگھ کے مطابق، پولیس نے ہوٹل کا معائنہ کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی ہے۔ فی الحال پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے اور والد کی شکایت کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔



