عامر خان ایک ماہ تک شوٹرس کے نشانے پر رہے، ان کی اس عادت نے جان بچا لی۔ جانیں ٹائیگر شراف کیسے بنے نشانہ

ممبئِ: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے کی تحقیقات میں اب تک ایک کے بعد ایک چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ حملہ آوروں نے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنانے سے پہلے فلم انڈسٹری کے کئی بڑے اداکاروں کے گھروں پر نظر رکھی تھی جن میں عامر خان کا نام بھی شامل تھا۔
تاہم سخت سیکیورٹی کی وجہ سے عامر خان، امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار پر حملے کا منصوبہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔پولیس سے وابستہ ذرائع نے اخبار دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ٹائیگر شراف پر حملہ کرنے والے افراد کے نشانے پر پہلے عامر خان تھے لیکن ان کی سخت سیکیورٹی کے باعث یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا۔
اسی سال جولائی میں عامر خان کو مبینہ طور پر دھمکیاں بھی ملی تھیں۔ ان دھمکیوں میں لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے عامر خان کی شادی پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آوروں پھول سنگھ اور ریحان انصاری نے ممبئی میں تقریباً ایک ماہ قیام کے دوران اس علاقے کی تین مرتبہ نگرانی کی جہاں عامر خان رہتے ہیں۔
یہ دونوں باندرہ میں واقع ایک لاج میں ٹھہرے تھے جو عامر خان کی رہائش گاہ کے قریب ہے۔ فلم اداکار کے گھر پر نظر رکھنے کے دوران حملہ آوروں نے محسوس کیا کہ عامر خان زیادہ تر فلموں کی شوٹنگ کے لیے گھر سے باہر رہتے ہیں یا کئی کئی دن تک اپنے گھر سے باہر نہیں نکلتے۔
اسی وجہ سے حملہ آوروں نے اپنا ہدف تبدیل کرکے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ ٹائیگر شراف پر حملہ 18 اکتوبر کو ہوا تھا جب وہ مبینہ طور پر فٹ بال کھیلنے گئے ہوئے تھے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ملزمان کو عامر خان کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
تاہم حملہ آوروں نے بتایا کہ انہیں اس کے پیچھے کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق عامر خان کے گھر کی ریکی کے دوران مبینہ شوٹرس نے ٹائیگر شراف کو بھی دیکھا ہوگا۔ دونوں اداکار باندرہ میں ایک دوسرے سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر رہتے ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عامر خان تک پہنچنا مشکل ہونے کے بعد ہی حملہ آوروں نے ٹائیگر شراف کو اپنا ہدف بنایا۔عامر خان کی ریکی کے دوران ہی مہینے کے آخر میں ملزمان کا رابطہ انیل پنڈت سے ہوا۔ اس کے بعد ٹائیگر شراف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انیل پنڈت امریکہ میں رہتا ہے اور اس نے ایک مبینہ آڈیو کلپ میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اس کلپ میں لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق ہونے کا اشارہ بھی دیا گیا تھا۔عامر خان کی ریکی کے دوران مبینہ شوٹرس نے اندھیری میں قیام کے دوران تین مرتبہ ہوٹل تبدیل کیے۔ بالآخر، وہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک آر آر ریزیڈنسی ہوٹل میں ٹھہرے۔تحقیقات سے وابستہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس دوران ملزمان ٹائیگر شراف کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہے تھے۔
تاہم ہوٹل تبدیل کرنے اور ریکی سے متعلق ان تفصیلات کی پولیس کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے دی انڈین ایکسپریس کو یہ بھی بتایا کہ سلمان خان ممکنہ طور پر 2018 سے لارنس بشنوئی گینگ کے نشانے پر ہیں۔
تاہم ان کی سخت سیکیورٹی کے باعث گینگ کے لیے ان تک پہنچنا کافی مشکل ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس معاملے میں عامر خان مبینہ طور پر اصل ہدف تھے جبکہ ٹائیگر شراف کو بعد میں نشانہ بنانے کے لیے منتخب کیا گیا۔



