نقلی دبئی کے شیخ سے نابالغ لڑکی کی شادی پولیس نے رکوا دی۔ قاضی سمیت دیگر افراد کے خلاف کیس درج۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقعہ

نقلی دبئی کے شیخ سے نابالغ لڑکی کی شادی پولیس نے رکوا دی۔ قاضی سمیت دیگر افراد کے خلاف کیس درج۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقعہ
حیدرآباد: پرانے شہر کے علاقے کالاپتھر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس نے ایک کم عمر لڑکی کی شادی رکوا دی جس کی شادی 42 سالہ شخص سے کی جارہی تھی۔
پولیس نے دولہا سمیت نکاح میں مدد کرنے کے الزام میں قاضی ثالث اور لڑکی کے والدین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 2 اکتوبر 2026 کو شام تقریباً 6:30 بجے مقامی میڈیا کے نمائندوں سے اطلاع ملی کہ بریانی شاہ ٹیکری کے علاقے میں ایک کم عمر لڑکی کی شادی مبینہ طور پر ’دبئی شیخ‘ سے کی جارہی ہے۔
اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر شیوا کمار ریڈی نے ٹاسک فورس کے سب انسپکٹر مہیش، چارمینار زون کی ٹیم اور خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ فوری طور پر مقام پر دھاوا کیا۔ وہاں 17 سالہ لڑکی کی شادی عارف علی بیگ (42) ولد خضر علی بیگ سے کی جارہی تھی۔
پولیس کے مطابق عارف علی بیگ کا تعلق فلک نما سے ہے اور وہ روزگار کے سلسلے میں دبئی میں کیب ڈرائیور کے طور پر کام کررہا ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ اسے ’دبئی شیخ‘ کے نام سے پیش کیا جارہا تھا تاہم وہ مقامی رہائشی ہے اور دبئی میں ملازمت کرتا ہے۔
پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے شادی رکوا دی اور چائلڈ میرج ہیلپ لائن کو اطلاع دی۔ بعد ازاں شکایت موصول ہونے پر دولہا عارف علی بیگ، قاضی محمد جہانگیر ثالث شاہین اور لڑکی کے والدین کے خلاف کم عمری کی شادی کی روک تھام کے قانون کے تحت کرائم نمبر 190/26 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بعد میں لڑکی نے اپنی آئندہ تعلیم جاری رکھنے کے لیے ڈگری کالج میں داخلہ لے لیا۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔




