ارنب طوفان کا دو تلگو ریاستوں پر قہر، 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحل عبور، 15 اضلاع میں فلیش فلڈ الرٹ

حیدرآباد/امراوتی: خلیج بنگال میں بننے والا انتہائی شدید سمندری طوفان "ارنب” آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تباہی مچا رہا ہے۔ بدھ کی علی الصبح طوفان نے کاکیناڈا-یانام کے قریب ساحل عبور کرنا شروع کیا۔ محکمہ موسمیات (IMD) کے مطابق طوفان کا مرکز ساحل کے انتہائی قریب آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا ہے اور مکمل طور پر ساحل عبور کرنے میں مزید تقریباً دو گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ساحل عبور کرنے کے دوران 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ، جبکہ زیادہ سے زیادہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ وشاکھاپٹنم میں 216.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ انکاپلی، سریکاکولم، کاکیناڈا اور کوناسیما سمیت کئی ساحلی اضلاع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ کاکیناڈا کے اپاڈا بیچ کی سڑک سمندر برد ہوگئی، سینکڑوں درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، بس خدمات معطل ہونے سے مسافر کاکیناڈا بس کمپلیکس میں پھنس گئے، جبکہ وشاکھاپٹنم کے آر کے بیچ پر آمد و رفت روک دی گئی۔
محکمہ موسمیات نے سریکاکولم، وجیانگرم، پاروتھی پورم منیم، آلوری سیتا راما راجو، وشاکھاپٹنم، انکاپلی، کاکیناڈا، کوناسیما، مشرقی و مغربی گوداوری، ایلورو، کرشنا، این ٹی آر، گنٹور اور باپٹلہ سمیت 15 اضلاع کے لیے فلیش فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔
طوفان کے شمال مغرب کی جانب بڑھنے سے تلنگانہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ کھمم، بھدرادری کوتہ گوڑیم، ملوگو اور محبوب آباد میں 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور شدید بارش ہورہی ہے، جبکہ حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے پیش نظر ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
طوفان کے باعث دونوں ریاستوں میں ٹرانسپورٹ نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جنوبی وسطی ریلوے نے گوداوری، فلک نما، نرساپور ایکسپریس سمیت 50 سے زائد ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ ہوائی اڈوں سے کئی پروازیں منسوخ اور حیدرآباد شمس آباد ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
آندھرا پردیش حکومت نے 2,100 سے زائد راحتی مراکز قائم کرکے ہزاروں ساحلی باشندوں اور حاملہ خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس کے باعث اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے افسران کو شاہراہوں سے گرے ہوئے درخت دو گھنٹے میں ہٹانے اور ہوائیں کم ہوتے ہی برقی بحال کرنے کی ہدایت دی۔
اس دوران تلنگانہ حکومت نے بھی آندھرا پردیش کی مدد کے لیے برقی کی بحالی کے کاموں میں تکنیکی عملہ اور ضروری آلات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دونوں ریاستوں میں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔



