ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کو برتری ، کرناٹک میں کلین سویپ، یوپی میں سماج وادی پارٹی کا دبدبہ، مہاراشٹرا میں کانٹے کی ٹکر

حیدرآباد – 28اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) اتر پردیش، بہار، کرناٹک اور مہاراشٹرا کی 28 قانون ساز کونسل نشستوں کے نتائج اور رجحانات میں ملا جلا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اتر پردیش کی 11 نشستوں میں سے 9 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، جن میں بی جے پی نے 6 اور سماج وادی پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ تین گریجویٹ اور تمام 6 اساتذہ کی نشستوں کے نتائج جاری کئے گئے، جبکہ لکھنؤ اور وارانسی کی گریجویٹ نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔
میرٹھ گریجویٹ نشست سے بی جے پی کے دنیش کمار گوئل نے 24,929، آگرہ گریجویٹ نشست سے ڈاکٹر مانوین در پرتاپ سنگھ نے 42,743 اور الٰہ آباد۔جھانسی گریجویٹ نشست سے سماج وادی پارٹی کے ڈاکٹر مان سنگھ یادو نے 60,358 ووٹ حاصل کرکے کامیابی درج کی۔
اساتذہ کی نشستوں میں لکھنؤ سے بی جے پی کے امیش دویدی، وارانسی سے سماج وادی پارٹی کے لال بہاری یادو، آگرہ سے سماج وادی پارٹی کے ڈاکٹر آکاش اگروال، میرٹھ سے بی جے پی کے شری چند شرما، بریلی۔مرادآباد سے بی جے پی کے ڈاکٹر ہری سنگھ ڈھلوں اور گورکھپور۔فیض آباد سے بی جے پی کے دھرو کمار ترپاٹھی کامیاب ہوئے۔
بہار کی 4 اساتذہ کی نشستوں میں پٹنہ سے آر جے ڈی، ترہت سے بی جے پی، دربھنگہ سے جن سوراج اور چھپرہ سے آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی، جبکہ گریجویٹ نشستوں پر گنتی جاری تھی۔ کرناٹک میں این ڈی اے اتحاد نے بی جے پی کے 3 اور جے ڈی ایس کے ایک امیدوار کی کامیابی کے ساتھ چاروں نشستوں پر قبضہ کرلیا۔ مہاراشٹرا کی پانچ نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری تھی اور رجحانات میں اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا تھا۔
اتر پردیش کی لکھنؤ گریجویٹ نشست پر رات 8 بجے تک آٹھویں مرحلے کی گنتی مکمل ہوچکی تھی اور اگلے مرحلے کی گنتی جاری تھی، جبکہ وارانسی میں پانچویں مرحلے کی گنتی مکمل کرکے اگلے مرحلے کا آغاز کردیا گیا تھا۔



