نیشنل

مودی کے گڑھ وارانسی میں بی جے پی کو کرارا جھٹکا، سماج وادی پارٹی کا ایم ایل سی نشست پر قبضہ برقرار

وارانسی، 28 اکتوبر (اردو لیکس) وزیر اعظم نریندر مودی کے لوک سبھا حلقہ وارانسی میں قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی  کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ وارانسی اساتذہ کی نشست پر سماج وادی پارٹی کے موجودہ ایم ایل سی اور امیدوار لال بہاری یادو نے اپنی نشست برقرار رکھتے ہوئے بی جے پی امیدوار پرمود مشرا کو تقریباً 4,900 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے دی۔

 

اتر پردیش کی 11 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا۔ اب تک اعلان کردہ 8 نشستوں کے نتائج میں بی جے پی نے 5 اور سماج وادی پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ باقی 3 نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ان میں 2 نشستوں پر سماج وادی پارٹی اور ایک پر بی جے پی کو برتری حاصل ہے۔

 

آگرہ اساتذہ کی نشست پر سماج وادی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر آکاش اگروال نے بی جے پی امیدوار ہری کشور تیواری کو شکست دے دی، جبکہ جھانسی گریجویٹ نشست بھی سماج وادی پارٹی کے حصے میں آئی۔ لکھنؤ گریجویٹ نشست پر بھی سماج وادی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ان نتائج کو دونوں اہم جماعتوں کے لیے سیاسی اعتبار سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button