آندھرا پردیش میں ارنب طوفان کا قہر، موت بن کر گرے درخت اور برقی کھمبے، 7 افراد ہلاک

حیدرآباد – آندھرا پردیش میں ارنب طوفان نے تباہی مچادی، مختلف مقامات پر درخت اور برقی کے کھمبے گرنے کے واقعات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ وشاکھاپٹنم میں قدیم گؤشالہ کے قریب برقی کا کھمبا گرنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی، جبکہ بالاجی نگر میں بھی کھمبا گرنے سے کے مادھوی ہلاک ہوگئیں۔
مغربی گوداوری ضلع کے بھیم ورم میں دو الگ الگ واقعات میں 45 سالہ چوکا کشور چرچ کے قریب درخت گرنے سے اور 34 سالہ رام بابو بجلی کا کھمبا گرنے سے ہلاک ہوگئے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث علاقے میں دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
کوناسیما ضلع کے ساکھینیٹ پلی منڈل کے پرکاش پورم میں ایک معمر خاتون کی موت ہوگئی، جبکہ اسی ضلع میں جھونپڑی گرنے سے کولو وینکایما ہلاک ہوگئیں۔ انکاپلی ضلع کے یلامنچیلی میں برقی کی تاریں ٹوٹ کر سڑک پر گر گئیں، جن کی زد میں آکر گھر کے سامنے ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ طوفان کے باعث مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر تشویش پائی جاتی ہے۔




