حیدرآباد میں مٹھائی کی دکانوں پردھاوے، ’پُلا ریڈی سویٹس‘ کا فوڈ لائسنس منسوخ

حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں دیوالی کے تہوار کے پیش نظر ’ٹی جی سیف‘ کی ٹیموں نے مشہور مٹھائی کی دکانوں اور تیاری کے مراکز پر اچانک دھاوے کرتے ہوئے معائنے کیے۔
عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے تاجروں کی بے قاعدگیوں پر روک لگانے کے لیے محکمہ پولیس کے تعاون سے 13 انفورسمنٹ ٹیموں نے کیور کے دائرۂ کار میں آنے والے 16 مشہور مٹھائی کی تیاری اور فروخت کے مراکز پر اچانک کارروائی کی۔ ان معائنوں کے دوران کئی چونکا دینے والے انکشافات ہوئے۔
عہدیداروں نے پایا کہ بعض مقامات پر انتہائی خراب اور غیر صحت بخش ماحول میں مٹھائیاں اور دیگر پکوان تیار کیے جا رہے تھے۔’ٹی جی سیف‘ کی جانچ کے دوران مشہور مٹھائی برانڈ پُلار ریڈی سویٹس کے تیاری کے مرکز میں سڑی ہوئی سبزیاں، چوہوں کی بیٹ، میعاد ختم ہوچکے اجزاء اور غلط لیبل والی اشیاء پائی گئیں۔
عہدیداروں نے پروسیسنگ اور دھلائی کے مقامات پر گندگی کا بھی پتہ لگایا جس کے بعد فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا کا لائسنس معطل کردیا گیا۔ اس کارروائی میں 15.03 لاکھ روپے مالیت کی 3,133 کلو گرام ملاوٹی اور خراب غذائی اشیاء ضبط کی گئیں۔
اسی دوران قواعد کی خلاف ورزی پر عہدیداروں نے تمّاپور میں واقع کراچی بیکری کی انتظامیہ کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا۔اسی طرح کیڑے مکوڑوں کی روک تھام کے انتظامات نہ ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث چارمینار کے پاس واقع آگرہ مٹھائی گھر ریسٹورنٹ کا لائسنس منسوخ کردیا گیا۔
گودام میں چوہوں کی بیٹ، پانی جمع ہونے اور غلط لیبل والی اشیاء پائے جانے پر ونستھلی پورم کے حدود میں واقع ’سویٹ ون رُچولو انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ‘، فلک نما میں واقع ’بالاجی شری کشن مٹھائی بھنڈار‘ اور کاٹے دھان کے حدود میں واقع ’ہیرانی فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے لائسنس بھی منسوخ کردیے گئے۔
علاوہ ازیں، درست FSSAI لائسنس کے بغیر اور انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں چلائے جانے والے پانچ مٹھائی اور غذائی اشیاء کے مراکز کو بند کروادیا گیا ۔



