متحدہ عرب امارات کے دبا الفجیرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش، شدید گرمی سے عوام کو راحت
دبا الفجیرہ، 28 اکتوبر (اردو لیکس): متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے علاقے دبا الفجیرہ میں منگل کی رات تقریباً 9 بجے گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا، جس سے کئی دنوں سے شدید دھوپ اور گرمی کا سامنا کرنے والے مقیم باشندوں کو راحت ملی۔ بارش شروع ہوتے ہی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے بارش پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
بارش کے دوران گرج چمک کی تیز آوازوں کے باعث معصوم بچوں میں بے چینی دیکھی گئی، جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی اور کئی افراد نے اپنے گھروں کا رخ کیا۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری تاجر نے بتایا کہ ہندوستان میں بارش کے دوران بعض مقامات پر احتیاطی طور پر برقی سربراہی منقطع کردی جاتی ہے، لیکن دبا الفجیرہ میں بارش کے باوجود برقی سربراہی جاری رہی۔ ایک اور مقیم شہری نے بتایا کہ یہاں کے لوگوں کو بارش کا موسم بے حد پسند ہے اور بارش ہوتے ہی بچے اور بڑے خوشی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ کئی افراد بارش میں بھیگنے سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔



