تلنگانہ

چند گھنٹوں کے وقفے میں ماں اور بیٹے کا انتقال – تلنگانہ کے عادل آباد میں غم و اندوہ کی لہر

عادل آباد، 3 نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر عادل آباد کے شانتی نگر میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چند گھنٹوں کے وقفے میں ماں اور بیٹے کی موت نے خاندان سمیت پورے محلے کو غم میں ڈبو دیا۔ بیٹے کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرسکیں اور ضعیف والدہ نے بھی چند گھنٹوں بعد داعیٔ اجل کو لبیک کہہ دیا۔ اس دلگداز واقعے سے ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

 

تفصیلات کے مطابق شانتی نگر کے ساکن سید قاسم چشتی مرحوم، متولی و خادم چمن والے بابا، کی اہلیہ حشمت بی (85) اور بڑے بیٹے سید حسین چشتی (60) گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ والدہ کی ناساز طبیعت کے باعث سید حسین چشتی گزشتہ تین چار دن سے ذہنی طور پر پریشان تھے، جس کے دوران ان کی اپنی طبیعت بھی بگڑ گئی۔ انہیں علاج کے لیے رمس اسپتال میں شریک کیا گیا، جہاں منگل کی علی الصبح تقریباً 3 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

 

بیٹے کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی پہلے سے علیل حشمت بی کو شدید صدمہ پہنچا۔ بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکیں اور منگل کی صبح تقریباً 9 بجے انہوں نے بھی آخری سانس لی۔ چند گھنٹوں کے اندر ماں اور بیٹے کی یکے بعد دیگرے موت کی خبر پھیلتے ہی شانتی نگر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

 

منگل کے روز بعد نمازِ ظہر میدان عیدگاہ بھکتاپور میں دونوں کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد متصل قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نمازِ جنازہ میں رشتہ داروں، عزیز و اقارب، دوست احباب، پڑوسیوں اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button