نیپال میں لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے – ایک ہندوستانی شہری ہلاک، ایک زخمی
نئی دہلی : نیپال کے ضلع سولوکھمبو میں منگل کی صبح ہیلی پیڈ پر لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہوگیا، جبکہ ہندوستانی نژاد نیوزی لینڈ کا ایک شہری زخمی ہوگیا۔
مہلوک کی شناخت 47 سالہ ہندوستانی شہری وسنت کمار بلارا مادو کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ زخمی 53 سالہ شیلش کشن پٹیل ہیں، جو نیوزی لینڈ کے شہری اور ہندوستانی نژاد ہیں۔
نیپال کی سیول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، فش ٹیل ایئر اور ڈائنیسٹی ایئر کے زیرِ استعمال دونوں ہیلی کاپٹر ضلع سولوکھمبو کے پھریچے ہیلی پیڈ پر اترنے کی کوشش کررہے تھے کہ ان کے روٹر بلیڈ آپس میں ٹکرا گئے۔ یہ مقام دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً 250 کلومیٹر دور واقع ہے۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دونوں ہیلی کاپٹروں کو انتہائی قریب آتے اور ان کے روٹر بلیڈ کو ٹکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سولوکھمبو ضلع پولیس دفتر کے ڈی ایس پی نوین راج بدھاتھوکی نے بتایا کہ یہ حادثہ کھمبو پاسانگ لہمو پھریچے ہیلی پیڈ پر دونوں ہیلی کاپٹروں کی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی لاش ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوکلا منتقل کردی گئی، جبکہ زخمی کو دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاج کے لیے اسپتال روانہ کیا گیا۔
نیپال کی ایوی ایشن اتھارٹی کے اطلاعاتی افسر گیانیندر بھول نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کررہے ہیں۔




