حیدرآباد میں جعلی نوٹوں کا بڑا ریکٹ بے نقاب، 6.7 کروڑ روپے کی نقلی کرنسی ضبط

حیدرآباد: شہر کے مضافاتی علاقے میں بڑے پیمانے پر جعلی کرنسی بازار میں چلانے کی تیاری کرنے والے ایک گروہ کا پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔
ضلع رنگاریڈی کے عبداللہ پور میٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں مقامی پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم کی مشترکہ کارروائی کے دوران 6.7 کروڑ روپے مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عبداللہ پور میٹ کے اطراف اچانک تلاشی مہم شروع کی۔
اس دوران جعلی کرنسی خفیہ طور پر منتقل کرنے والی ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس میں کروڑوں روپے کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔پولیس نے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث چار ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے 6.7 کروڑ روپے مالیت کے جعلی نوٹوں کے علاوہ ایک گاڑی اور موبائل فون بھی ضبط کیے گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیش کار اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں جعلی نوٹ کہاں چھاپے گئے اور انہیں یہاں کون لے کر آیا تھا؟ اس کے علاوہ اس نیٹ ورک کے پیچھے موجود اصل سرغنہ کون ہیں اور کیا یہ جعلی نوٹ بازار میں چلانے کے لیے کسی دوسرے گروہ یا افراد کے حوالے کیے جا رہے تھے؟
پولیس ملزمین سے اس پہلو پر بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے کہ آیا تہواروں، انتخابات یا کاروباری لین دین کے دوران ان جعلی نوٹوں کو بازار میں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔



