بنگلورو میں دن دھاڑے خاتون کو چاقو کی نوک پر یرغمال بنایا – فیوی کوئک سے ہاتھ میز پر چپکاکر سونے کی چین چھیننے کی کوشش
بنگلورو: بنگلورو شہر کے اندرا نگر میں ایک دکان پر کام کرنے والی خاتون کے ساتھ انتہائی سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے چاقو کی نوک پر اسے یرغمال بناکر قتل کی دھمکی دی اور فیوی کوئک سے اس کے دونوں ہاتھ میز پر چپکادی۔ ملزم نے خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھیننے کی کوشش کی، تاہم مقامی افراد نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے قابو میں کرلیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
یہ واقعہ 31 اکتوبر کو صبح تقریباً 11:45 بجے اندرا نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پربھوراج عرف راج دکان میں داخل ہوا اور ابتدا میں یہ بہانہ کیا کہ کچھ لوگ اس کا تعاقب کررہے ہیں اور اسے جان سے مارنا چاہتے ہیں۔ اس نے خاتون سے پناہ دینے کی درخواست کی، لیکن کچھ ہی دیر بعد اس نے چاقو نکال کر خاتون کی گردن پر رکھ دیا اور تقریباً 35 گرام وزنی، 4.5 لاکھ روپے مالیت کی سونے کی چین حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
خاتون کو مزاحمت اور فرار سے روکنے کے لیے ملزم نے مبینہ طور پر فیوی کوئک اس کے دونوں ہاتھوں پر ڈال کر میز سے چپکادی اور چین چھیننے کی کوشش کی۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی دکاندار اور راہگیر فوری طور پر مدد کے لیے پہنچ گئے۔ خود کو گھرا ہوا دیکھ کر ملزم نے چاقو خاتون کی گردن پر رکھتے ہوئے قریب آنے والوں کو قتل کی دھمکی دی اور اسے ڈھال بناکر فرار ہونے کی کوشش کی۔
تاہم، مقامی افراد نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کی توجہ ہٹائی، اسے قابو میں کیا اور خاتون کو بحفاظت آزاد کرایا۔ بعد ازاں ملزم کو اندرا نگر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ خاتون کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے پربھوراج کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم ڈیلیوری ایجنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔ پولیس اس کے سابقہ ریکارڈ اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین، بالخصوص خواتین کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔



