تلنگانہ

حیدرآباد کے 19 سالہ صفوان علی خان کا کارنامہ – بحرین میں انجینئرنگ کنسلٹنسی قائم کرلی

حیدرآباد: حیدرآباد کے 19 سالہ نوجوان صفوان علی خان نے مانصاحب ٹینک گورنمنٹ پولی ٹیکنک سے سیول انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد بحرین میں انجینئرنگ کنسلٹنسی قائم کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے حیدرآباد کے پہلے نوجوان بن گئے ہیں۔ انہوں نے بحرین کے مہنگے ترین علاقے فنانشل ہاربر ایسٹ ٹاور میں اپنا دفتر قائم کیا ہے۔ صفوان نے سعودی عرب میں ہٹاچی کمپنی اور دمام میں ایچ پی ڈی سی کے دفاتر کے ڈیزائن بھی تیار کئے ہیں۔

 

ملک پیٹ میں والدین، چھوٹے بھائی اور بہن کے ساتھ رہنے والے صفوان نے اپنے والد محمد سعادۃ اللہ خان کی حوصلہ افزائی سے دسویں جماعت میں ہی 2023 میں اپنے مکان کے قریب ایس اے کے انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر کے نام سے کنسلٹنسی شروع کی تھی۔ محض تین سال کے عرصے میں انہوں نے 200 کمپنیوں، عمارتوں اور اسپتالوں کے ڈیزائن تیار کئے۔

 

صفوان نے بتایا کہ پولی ٹیکنک میں داخلہ لینے کے چند دنوں بعد ہی انہوں نے انجینئرنگ کنسلٹنسی شروع کرنے کے بارے میں اپنے اساتذہ کو بتایا تھا۔ عمارتوں کے نقشے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی انداز کو منفرد بنانے کے مقصد سے انہوں نے آرکیٹیکچر کی تعلیم خود حاصل کی اور اس شعبے میں مطالعہ کیا۔ اپنے تیار کردہ نقشے اور ڈیزائن اساتذہ اور پرنسپل ڈاکٹر کے چندر شیکھر کو دکھا کر ان سے مشورے بھی حاصل کرتے رہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کنسلٹنسی کے امور بھی انجام دیتے رہے۔

 

رواں سال مئی میں سیول انجینئرنگ کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد انہوں نے اپنے والد کے سعودی عرب، عمان اور بحرین میں موجود روابط کے ذریعے مختلف کمپنیوں کو ڈیزائن روانہ کئے۔ صرف دو ماہ میں چھ کمپنیوں کے نمائندوں نے ان کے آرکیٹیکچر ڈیزائن منظور کرلئے، جس کے بعد بحرین میں دفتر قائم کیا گیا۔

 

صفوان کے مطابق، ان کی کامیابی میں والد سعادت اللہ خان کی حوصلہ افزائی کا اہم کردار ہے۔ ان کے والد کو عمان کی ایک کمپنی میں ملازمت ملنے پر وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ عمان منتقل ہوئے تھے، جہاں چھٹی جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں پرانے شہر حیدرآباد واپس آگئے۔ نویں جماعت تک ملک پیٹ کے ایک خانگی اسکول اور دسویں جماعت نور خان بازار میں تعلیم حاصل کی۔ مسابینک گورنمنٹ پولی ٹیکنک میں داخلہ ان کی زندگی کا پہلا اہم موڑ ثابت ہوا۔

 

ایس اے کے انجینئرنگ کنسلٹنسی کے قیام کے بعد دیگر شہروں اور سعودی عرب کی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی ان سے رابطہ شروع کیا۔ چھ ماہ قبل اپنے والد اور بھائی کو کمپنی کا رکن بناتے ہوئے انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کی ذمہ داری سنبھالی۔

 

صفوان نے کہا کہ بحرین میں زیادہ پراجیکٹس ملنے کے باوجود ان کی اولین ترجیح حیدرآباد کے پراجیکٹس ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button