الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ – مُسودہ ووٹر لسٹ میں نام غائب ہونے پر دوبارہ نام اندراج کی اجازت

حیدرآباد: مرکزی الیکشن کمیشن نے مُسودہ ووٹر فہرست میں نام غائب ہونے والے سابق ووٹروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے ناموں کے دوبارہ اندراج کے لیے فارم-6 جمع کراسکتے ہیں۔ کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ فارم-6 میں پہلی مرتبہ ووٹر کے طور پر اندراج کا حلف نامہ ہونے کے باوجود سابق ووٹروں کے خلاف غلط معلومات فراہم کرنے کے الزام میں کوئی مقدمہ درج نہ کیا جائے۔
دہلی میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل اور بڑے پیمانے پر ووٹروں کے ناموں کے اخراج کے معاملے پر سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ اہم رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔
کمیشن نے واضح کیا کہ فارم-6 میں موجود پہلی مرتبہ ووٹر بننے کے ڈیکلریشن کی بنیاد پر سابق ووٹروں کی درخواست مسترد نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی عوامی نمائندگی قانون کی دفعہ 31 کے تحت ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
تکنیکی وجوہات یا فہرستوں میں ترمیم کے باعث ووٹ کا حق کھو دینے والے اہل شہری بلاخوف فارم-6 کے ذریعہ دوبارہ اپنے نام درج کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اہل شہری کو حق رائے دہی سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔




