حیدرآباد میں 2 نابالغ لڑکیوں کا گینگ ریپ۔ ایرہوسٹیس کی ٹریننگ کرنیوالی لڑکیوں کو بنایا گیا نشانہ

حیدرآباد: شہر کے مدھورا نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایئرہوسٹس ٹریننگ کورس کرنے والی دو نابالغ لڑکیوں کو بہلا پھسلا کر کمرے میں لے جاکر زبردستی شراب پلانے اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملے میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کی تفصیلات کے مطابق نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والا گنیش ڈگری مکمل کرنے کے بعد شہر کے بوئن پلی علاقے میں رہتے ہوئے مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہا ہے۔ اسی ضلع سے تعلق رکھنے والا ترون بالانگر میں ایک خانگی ملازمت کرتا ہے۔ دونوں آپس میں دوست ہیں۔
نظام آباد ضلع کی رہنے والی 17 سالہ لڑکی انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد ایئرہوسٹس کی تربیت حاصل کرنے کے لیے شہر کے ویسٹ سرینواس نگر کالونی میں واقع ایک لیڈیز ہاسٹل میں رہ رہی ہے اور ایک ایوی ایشن ادارے میں ٹریننگ لے رہی ہے۔دمائی گوڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک اور 17 سالہ لڑکی بھی اسی ہاسٹل میں رہتے ہوئے ایئرہوسٹس کی تربیت حاصل کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گنیش کی نظام آباد سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے پہلے ہی واقفیت تھی، کیونکہ دونوں ایک ہی کالج میں زیرتعلیم رہ چکے تھے۔ اتوار کی رات تقریباً 11:30 بجے گنیش اپنے دوست ترون کے ساتھ دونوں لڑکیوں کو یہ کہہ کر اپنے ساتھ لے گیا کہ بالانگر میں پارٹی ہے۔ دونوں نوجوان لڑکیوں کو کار میں ترون کے کمرے پر لے گئے، جہاں انہیں مبینہ طور پر زبردستی شراب پلائی گئی۔ اس کے بعد دونوں نوجوانوں نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
لڑکیوں کی شکایت پر مدھورا نگر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس نے پوکسو ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے دونوں ملزمین کو حراست میں لے لیا ہے۔



