جرائم و حادثات

حیدرآباد میں امریکی شہری کی مشتبہ موت، ہوٹل کے کمرے سے نعش برآمد

حیدرآباد: شہر میں ایک امریکی شہری کی مشتبہ حالت میں موت سے سنسنی پھیل گئی۔ یہ واقعہ گچی باؤلی میں واقع ایس ایل این ٹرمنس عمارت کے میریٹ ایگزیکٹیو اپارٹمنٹس ہوٹل میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق، کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والا 41 سالہ مشیل برائن لی اپنے کاروباری ساتھی ڈیوڈ وو کے ساتھ 2 نومبر کو کاروباری کام کے سلسلے میں حیدرآباد پہنچا تھا۔ دونوں گچی باؤلی کے میریٹ ایگزیکٹیو اپارٹمنٹس میں ٹھہرے ہوئے تھے۔

 

مشیل ہوٹل کی 12ویں منزل پر واقع کمرہ نمبر 1218 میں مقیم تھا جبکہ ڈیوڈ نے دوسرے کمرے میں قیام کیا تھا 4 نومبر کی شام سے مشیل اپنے کمرے سے باہر نہیں آیا اور نہ ہی فون کالز کا جواب دے رہا تھا۔

 

اس پر شبہ ہونے کے بعد ڈیوڈ نے ہوٹل کے عملے کو اطلاع دی۔ عملے نے ماسٹر کی کے ذریعے کمرے کا دروازہ کھولا تو مشیل بستر پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔

 

فوری طور پر 108 ایمبولینس سروس کو اطلاع دی گئی۔ طبی عملے نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔واقعہ کے سلسلے میں گچی باؤلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

موت کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button