تلنگانہ میں چاول کی من مانی قیمتوں پر روک لگانے کے اقدامات – تین اقسام کے نرخ مقرر، بی پی ٹی 66، آر این آر 74 اور ایچ ایم ٹی 79 روپے فی کلو، ریاست بھر میں دھاوے تیز

تلنگانہ کے محکمہ سیول سپلائز نے چاول کی تین اقسام کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں مقرر کرتے ہوئے ریاست بھر میں دھاوے تیز کردیئے ہیں۔ بی پی ٹی/کے این ایم چاول کی قیمت 66 روپے، آر این آر/تلنگانہ سونا کی 74 روپے اور ایچ ایم ٹی/جے ایس آر کی قیمت 79 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے 29 اکتوبر سے 5 نومبر تک رائس ملوں اور دکانوں پر 2,686 معائنے کرتے ہوئے 335 مقدمات درج کئے، جن میں 35 فوجداری مقدمات شامل ہیں۔ معائنوں میں کم وزن کے تھیلوں کی فروخت، اصل قیمت پر زیادہ قیمت کے اسٹیکر لگانے، راشن کے چاول کی ذخیرہ اندوزی اور ضروری لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
محکمہ نے عادی خاطیوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے اور ضروری اشیاء ایکٹ کے تحت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ حکام کے مطابق زائد قیمتوں اور غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کے لئے ریاست بھر میں دھاوے جاری رہیں گے۔



