دیوالی کے دن جنم اور دیوالی پر ہی 100ویں سال میں داخل ہوئے ایل کے اڈوانی
ممبئی: بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی 8 نومبر کو اپنی 99ویں سالگرہ مناتے ہوئے زندگی کے 100ویں سال میں داخل ہوگئے۔ اتفاق سے 1927 میں ان کی پیدائش بھی دیوالی کے دن ہوئی تھی اور اس مرتبہ بھی ان کی سالگرہ دیوالی کے موقع پر منائی گئی۔ 1947 میں تقسیم ہند کے دوران انہوں نے سندھ چھوڑ کر ہندوستان کا رخ کیا۔ اڈوانی نے پہلے بھارتیہ جن سنگھ اور بعد ازاں بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں بی جے پی نے قومی سیاست میں اپنی شناخت مستحکم کی اور 1996 میں لوک سبھا کی سب سے بڑی واحد جماعت بن کر ابھری۔
اڈوانی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے پرچارک کی حیثیت سے راجستھان میں اپنی سیاسی و سماجی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور بعد میں دہلی منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ طویل عرصے تک کام کیا۔ 1967 میں وہ دہلی میٹروپولیٹن کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے اور 1970 کی دہائی میں پارلیمانی سیاست میں قدم رکھا۔
ایمرجنسی کے دوران انہوں نے جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں حصہ لیا اور قید کے تجربات پر کتاب بھی تحریر کی۔ 1977 میں جنتا پارٹی حکومت میں وزیر اطلاعات و نشریات، بعد ازاں مرکزی وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں پر فائز رہے۔
سومناتھ سے ایودھیا تک ان کی رتھ یاترا سیاسی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس دوران بہار میں انہیں گرفتار بھی کیا گیا۔ اڈوانی نے پارٹی میں کئی نسلوں کے کارکنوں کی تربیت اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا
۔ وہ سیاسی تحریروں اور پارلیمانی تقاریر کے لئے بھی جانے جاتے ہیں۔ سندھ سے ہجرت کے باوجود انہوں نے اپنی تہذیبی شناخت برقرار رکھی اور سندھ درشن تقریب کو فروغ دینے میں بھی حصہ لیا۔ ان کی اہلیہ کملہ اڈوانی نے ہر دور میں ان کا ساتھ دیا۔ 2024 میں حکومت ہند نے انہیں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا تھا۔ ان کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔



