جنرل نیوز

ایل نینو کے پیش نظرعوام کو پینے کے پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں عوامی مسائل کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر کا عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس

نظام آباد: 9/نومبر (اردو لیکس) مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر گرمی کی شدت میں اضافے اور پینے کے پانی کی قلت کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ عہدیدار ابھی سے ضروری احتیاطی اقدامات شروع کریں تاکہ عوام کو پانی کی کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

اس سلسلے میں انہوں نے نظام آباد ضلع کلکٹریٹ میں ایڈیشنل کلکٹرس (ریونیو و لوکل باڈیز)، ڈی آر او، آر ڈی او، میونسپل کمشنر اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں نظام آباد شہر میں جاری اندرا اماں مکانات کی تعمیر، پینے کے پانی کی سربراہی، امرت اسکیم کے تحت تعمیر کیے جانے والے واٹر ٹینکوں کی پیش رفت اور شہر کے مختلف عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر محمد علی شبیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ

 

ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے باعث آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت بڑھنے اور پانی کی قلت پیدا ہونے کے امکانات ہیں، لہٰذا قبل از وقت جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر متبادل ذرائع سے پانی کی سربراہی کے انتظامات کیے جائیں اور شہر کے تمام علاقوں میں یکساں اور بلا تعطل پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے امرت اسکیم کے تحت تعمیر کیے جانے والے واٹر ٹینکوں کے کاموں میں تیزی لاتے ہوئے مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی

 

اور واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں کی تکمیل سے شہر میں پینے کے پانی کی سربراہی مزید بہتر ہوگی۔محمد علی شبیر نے کہا کہ اندرا اماں ہاؤزنگ اسکیم غریب عوام کے اپنے گھر کے خواب کو پورا کرنے کا ایک اہم فلاحی پروگرام ہے۔ عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اہل مستحقین کو بغیر کسی دشواری کے اسکیم سے استفادہ حاصل ہو۔ مکانات کی تعمیر کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جائے اور مستحقین کو حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد بروقت فراہم کی جائے۔انہوں نے شہر میں سڑکوں، ڈرینج، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور پینے کے پانی جیسی بنیادی

 

سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو زیر التواء نہ رکھا جائے بلکہ فوری طور پر ان کی یکسوئی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود ہی عوامی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں اور فلاحی اسکیموں کے ثمرات پہنچانے کے لیے پابند عہد ہے۔محمد علی شبیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے لیے دستیاب رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیں

 

ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہونے دیں اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔اس جائزہ اجلاس میں نوڈا چیئرمین کیشوینو، ڈی سی سی کارپوریشن صدر ببوبلی رام کرشنا، کارپوریٹرس اور مختلف متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button