صوفی سلطان شطاری ‘خوش فکر’ خوش خلق’ مہمان نواز’ اور محبت و خلوص کے شاعر
دوشعری مجموعوں کی رسم اجرا- میڈیا پلس میں پروفیسر ایس اے شکور' اقبال احمد انجینیئر' طارق انصاری' ایم اے ماجد' اور اسلام الدین مجاہد ایڈوکیٹ کا خطاب- شعرا نے کلام سنایا

حیدرآباد- 17 نومبر (محمد حسام الدین ریاض)سلطان الشعرا صوفی سلطان شطاری محبتوں کے شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ خوش فکر’ خوش خلق’ خوش مزاج اور مہمان نواز شاعر ہیں انکساری خلوص و محبت ان کی شخصیت کا خاصہ ہے یہ ہمہ پہلو شخصیت ہیں مضمون نگار بھی ہیں شاعر بھی ہیں اور کئی خوبیوں کے مالک ہیں ان خیالات کا مجموعی اظہار جشن صوفی سلطان شطاری کےموقع پر اردو کی ممتاز شخصیات نے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا
اس سلسلہ میں تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کے نمائندہ مرکز میڈیا پلس آڈیٹوریم میں انجمن ریختہ گویاں’ بزم علی الدین نوید’ بزم کہکشاں محبوب نگر کے اشتراک سے بزم کشور کے زیر اہتمام جشن صوفی سلطان شطاری کے موقع پر منعقدہ شاندار و پر وقار تقریب منعقد کی گئی صوفی سلطان شطاری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے بعد شعرا کرام نے ان کی شعری و ادبی خدمات کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر صوفی سلطان شطاری کے دو شعری مجموعے "خامہ فکر”اور "رنگ غزل”( اردو رسم الخط کے ساتھ رومن انگلش میں بھی ) کی رسم اجرا جناب اقبال احمد انجینیئر ممتاز کالم نگار نے انجام دی
ڈائریکٹر ڈائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ صوفی سلطان شطاری کی شاعری’اور ادبی و سماجی خدمات کافی طویل ہیں موصوف جب بھی کسی سے گفتگو کرتے ہیں تو بہت ہی دل نشین انداز میں کرتے ہیں کسی ادیب و شاعر کی خوبی اس کے انداز گفتگو سے ہی کی جاتی ہے پروفیسر ایس اے شکور نے اردو کے رسم الخط پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ جس زبان کا اسکرپٹ ہوتا ہے وہ زبان ختم نہیں ہوتی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پروفیسر صوفی سلطان شطاری نے موجودہ ٹکنالوجی سے بھی شاندار استفادہ کیا ہے ان کی ویب سائٹ پر 60 ہزار سے زائد لوگ ہیں جو انہیں فالو کرتے ہیں انہوں نے اردو زبان اور شاعری کو ٹکنالوجی سے جوڑنے پر صوفی سلطان شطاری ری کو دلی مبارکباد دی اور ان کی صحت و عافیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جناب اقبال احمد انجینئر نے صدارتی تقریر میں کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں صوفی سلطان شطاری نے بہت ہی اہم رول ادا کیا ہے
انہوں نے صوفی سلطان شطاری کی شعری خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاعری کوئی آسان کام نہیں ہے اور حقیقت یہ ہے کہ شاعر ہوتا نہیں ہے بلکہ شاعر پیدا ہوتا ہے اچھا شاعر وہی کہلاتا ہے جو زندگی کے مختلف پہلوؤں کو موثر انداز میں پیش کرے اور قوموں کی زندگی کو بدلنے میں اہم رول ادا کرے انہوں نے یہ بھی کہا کہ نعتیہ شاعری تو اور بھی بہت ہی مشکل کام ہے نعتیہ شاعری کرنا گویا پل صراط سے گزرنا ہے حب نبوی صلعم کے لیے الفاظ کا انتخاب بڑی ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے انہوں نے صوفی سلطان شطاری کی صحت و عافیت کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا
صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن جناب طارق انصاری نے کہا کہ صوفی سلطان شطاری نے شعری و ادبی اور سماجی خدمات سے اردو والوں کو کافی مالامال کیا ہے تلنگانہ تحریک میں ان کا رول ناقابل فراموش رہا ہے جناب طارق انصاری نے مزید کہا کہ صوفی سلطان شطاری کا کلام صرف لفظوں کا مجموعہ نہیں بلکہ عوام کے دلوں کے احساسات کی ترجمانی ہے وہ آسان کلام لکھتے ہیں ان کا یہ ادبی سفر یوں ہی طویل جاری رہے ان کی ادبی و سماجی خدمات ہمارے لیے قابل قدر ہیں انہوں نے ان کی دو کتابوں کی رسم اجرا کو اردو ادب میں ایک عظیم اضافہ قرار دیا سابق رکن پریس کونسل آف انڈیا اور ڈائریکٹر 4 ٹی وی جناب ایم اےماجد نے کہا کہ صوفی سلطان شطاری صاحب نے جن کا تعلق متحدہ ضلع عادل آباد سے ہے
انہوں نے تلنگانہ تحریک میں بہت اہم رول ادا کیا ہے سابق وزیراعلی کے سی آر سے ان کے بہت قریبی روابط رہے ہیں جناب ایم اے ماجد نے ملک کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک بہت تیزی سے کروٹ لے رہا ہے ایسے حالات میں شعراء کرام کو چاہیے کہ وہ سماج کی نبض کو محسوس کریں اور اپنی شاعری کے ذریعے عوام کے احساسات و خیالات کی بہتر طور پر ترجمانی کریں انہوں نے کہا کہ وہی شعراء کرام تادیر عوام کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور ان کوآنے والی نسلیں بھی یاد رکھتی ہیں جو عوام کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں انہوں نے اس سلسلے میں جلیل پاشاہ مرحوم کی اردو خدمات کو بھی یاد کیا جناب ایم اےماجد نے صوفی سلطان شطاری کے شعری خدمات کو اردو عوام کے لیے ایک بہترین ذخیرہ قرار دیا
ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا منفرد شعر سے آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ادب کا سلسلہ 400 سال سے جاری ہے شہر حیدرآباد علم و ادب کا گہوارہ رہا ہے امجد حیدرآبادی نے اپنے اشعار سے اصلاح معاشرہ کا عظیم کارنامہ انجام دیا ہے ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد نے مولانا سلیمان ندوی کی اردو خدمات کو بھی یاد کیا اور کہا کہ مخدوم محی الدین سے لے کر ابھی تک یہ سلسلہ جاری ہے اور دور حاضر میں صوفی سلطان شطاری کی ادبی و شعری خدمات قابل قدر و قابل تحسین ہیں وہ شعراء اور ادیبوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں دنیوی معاملات میں مشغول ہوتے ہوئے بھی صوفی سلطان شطاری نے خانقاہی نظام سے بھی اپنے اپ کو وابستہ رکھا ہے ان کی انکساری’ اخلاص و محبت ان کی شخصیت کے اہم پہلو ہیں استاد سخن جناب سردار سلیم نے صوفی سلطان شطاری کی شعری خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلطان شطاری زردار ہونے کے ساتھ ساتھ مہمان نواز بھی ہیں ان کی شاعری میں حسن کی رعنائی اور محبت کا پیام ہے
ان کی شاعری میں مثبت افکار کی ترجمانی ملتی ہے وہ ایک شفیق ‘مہربان اور ملنسار شخصیت کے مالک ہیں ڈاکٹر فاضل حسین پرویز چیف ایڈیٹر ہفت روزہ گواہ نے انکشاف کیا کہ صوفی سلطان شطاری نے عادل آباد میں 500 مصلیوں پر مشتمل مسجد تعمیر کی ہے یہ ان کے لیے ذخیرہ آخرت ہے انہوں نے صوفی سلطان شطاری پر پیش کیے گئے دلچسپ و معلوماتی خاکوں پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک ایسے شاعر ہیں جو تمام شعراء میں قابل احترام ہیں ان میں انکساری کا جذبہ حد درجے پایا جاتا ہے اور ان کا نعتیہ کلام آخرت کا توشہ ہے انہوں نے عزت و صحت کے ساتھ ان کی زندگی کی کامیابی کے لیے اپنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ممتاز و معروف سنجیدہ و مزاحیہ شاعر جناب فرید سحر نے بہ عنوان "مجسمہ شرافت” اورسینیئر ترین صحافی جناب کے این واصف نے بہ عنوان” بزرگ زینجی -صوفی سلطان شطاری "خاکہ پیش کرتے ہوئے محفل کو زعفران زار کر دیا
ممتاز و معروف شاعر جناب محبوب خان اصغر نے بہ عنوان” صوفی سلطان شطاری -ذات سے کائنات کا سفر” خالص ادبی مضمون پیش کیا جسے بے حد پسند کیا مدیر ریختہ نامہ ڈاکٹر جاوید کمال نے بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ منفرد انداز میں کاروائی چلائی سینیئر صحافی جناب ریاض احمد نے جناب عامر علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا پیام پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے سلطان سلطاری کی شعری و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جناب ریاض احمد نے کہا کہ بہت ساری ناانصافیوں کے باوجود اردو زبان بہت تیزی کے ساتھ پھل پھول رہی ہے اردو کو مزید مستحقہ مقام ملنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ 1831ءمیں ہی ایسٹ انڈیا کمپنی نے اردو کو دوسری سرکاری زبان تسلیم کیا ہے لیکن ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں اردو کو ابھی تک اس کے جائز حق سے محروم رکھنے کی ہر کوشش کی جاتی ہے ڈاکٹر جاوید کمال نے پروفیسرآمنہ تحسین مولانا ازاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا مرسلہ ریکارڈ کردہ پیام سنایا
اس موقع پر مشاعرہ بھی منعقد ہوا جناب محبوب خان اصغر نے نظامت کی صدر مشاعرہ جناب صوفی سلطان شطاری کے علاوہ جناب سمیع اللہ حسینی سمیع’ جناب فرید سحر’ قاضی فاروق عارفی’ جناب سردار سلیم ‘ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری’ جناب محبوب خان اصغر’ جناب لطیف الدین لطیف’ جناب مخدوم جمالی’ جناب بصیر خالد’ جناب یوسف نرملی نرمل’ جناب رحیم راہی عادل اباد اور جناب افضل خان افسر بھینسہ نے کلام سناتے ہوئے سامعین کو خوب محظوظ کیا اس موقع پر پروفیسر تاتار خان’ جناب سید ظہور الدین صدر نشین سکندرآبادکو آپریٹو بینک’ جناب محمد حسام الدین ریاض سینیئر صحافی’ جناب ابو مسعود عبدالغنی ریٹائرڈ تحصیلدار محبوب نگر’ مولانا حامد حسین شطاری’ ڈاکٹر ناظم علی ‘محترمہ مسرت عثمان شہید ایڈوکیٹ’ ڈاکٹر روبینہ شبنم’محترمہ مجیب انساء’ جناب خالد شہباز انجینیئر’جناب محمد شعیب رضا خان فاضل بریلوی شریف’ ڈاکٹر فصیح الدین’ صاحبزادہ میر برکت علی خان ‘جناب خواجہ معین الدین اور دیگر معززین کی کثیر تعداد دیکھی گئی صوفی سلطان شطاری نے تمام مہمانوں کی خدمت میں مومنٹو پیش کیا
اور گل پوشی و شال پوشی بھی کی داعیان تقریب جناب محمد معز قادری ‘جناب محمد مجیب قادری ‘جناب محمد سبحان قادری اور دیگر نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا جناب معز قادری نے اپنے خطاب میں اپنے والد محترم صوفی سلطان شطاری کی مشفقانہ سرپرستی کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے والد محترم کی ہمیشہ صحت و عافیت کے لیے سبھی سے دعاؤں کی گزارش کی انجمن ریختہ گویاں کی جانب سے پروفیسر ایس اے شکور’ پروفیسر تاتار خان’ جناب لطیف الدین لطیف ‘مسرت عثمان شہید’ ڈاکٹر روبینہ شبنم’ ابو مسعود عبدالغنی’ محترمہ مجیب النسا اور جناب محبوب خان اصغر نے
شال پوشی و گل پوشی کی اور مومنٹو پیش کیا ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ‘قاضی فاروق عارفی’ جناب فرید سحر’ جناب عبدالقدیر خالد’ جناب مزمل حسین’ جناب عارف القدر حیدرابادی’ یوسف نرملی اور دیگر نے صوفی سلطان شطاری کی گل پوشی وشال پوشی کی جناب لطیف الدین لطیف نے شکریہ ادا کیا.




