’’قسمت سے چیف منسٹر بنے ہو، دو سال بعد کرسی بھی نہیں رہے گی‘‘ – ریونت ریڈی کو کانگریس رکن اسمبلی کی کھلی دھمکی

چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت کے خلاف خود کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے ایک بار پھر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی قسمت سے چیف منسٹر بنے ہیں اور اب صرف مزید دو سال ہی اس عہدے پر رہیں گے
۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے کوڑنگل کے ساتھ منوگوڑو کو بھی ترقیاتی فنڈس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تو ریونت ریڈی نے انہیں ’’ کچل دینے‘‘ کی دھمکی دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چیف منسٹر یہ سمجھتے ہیں کہ اقتدار کی وجہ سے ان کا ہر اقدام قابل قبول ہوگا تو پھر خبردار رہیں
، جنگ شروع ہوجائے گی۔کانگریس رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ تین سالہ حکمرانی کے بعد تلنگانہ کے عوام خوش نہیں ہیں۔ تلنگانہ صرف کوڑنگل اور مدھیرا تک محدود نہیں ہے، حکومت میں شامل قائدین کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کام کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے پیسے کھانے والے شخص نہیں ہیں اور اگر انہیں کسی ترقیاتی کام کے ٹھیکہ کی لاگت بتائی جائے تو وہ اس سے 20 فیصد کم رقم میں ٹینڈر داخل کرکے عوام کے پیسے بچانے کے لئے تیار ہیں۔



