حیدرآباد کے پرانے شہر میں دل دہلا دینے والا واقعہ، شوہر دھرمیندر نے بیوی اسما بیگم کا گلا کاٹ کر قتل کردیا، تین سالہ بیٹی کو لے کر فرار ؛ بہار سے تھا خاندان کا تعلق
حیدرآباد: حیدراباد کے پرانے شہر کے علاقہ حسن نگر میں ایک شخص نے اپنی 30 سالہ بیوی اسما بیگم کا گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کردیا اور تین سالہ کمسن بیٹی کو ساتھ لے کر فرار ہوگیا۔ اس واردات سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔
بہادرپورہ پولیس کے مطابق اسما بیگم کو اس کے شوہر دھرمیندر نے تیز دھار ہتھیار سے گلا کاٹ کر ہلاک کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا تقریباً 15 سال قبل بہار سے حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور یہیں سکونت اختیار کرلی تھی۔ تاہم میاں بیوی کے درمیان پیش آئے تنازعہ کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ملزم دھرمیندر کی تلاش میں مصروف ہے اور اس کے ساتھ فرار ہونے والی تین سالہ بچی کو بحفاظت تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قتل کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔



