بزنس

سونے اور چاندی کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار

نئی دہلی: سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کے امکانات اور امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع میں اضافے کے باعث ان قیمتی دھاتوں کی چمک ماند پڑ رہی ہے

 

جس کے نتیجے میں حیدرآباد کے بازار میں چہارشنبہ کے روز 10 گرام خالص سونے کی قیمت میں تقریباً 2 ہزار 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔24 کیرٹ کے 10 گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 1 لاکھ 35 ہزار 910 روپے ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز اختتامی قیمت 1 لاکھ 38 ہزار 400 روپے تھی۔ اس طرح سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔

 

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ دیکھی گئی۔ ایک کلو چاندی کی قیمت 1 لاکھ 74 ہزار 749 روپے سے کم ہوکر 1 لاکھ 69 ہزار 510 روپے پر آگئی۔ مجموعی طور پر چاندی کی قیمت میں 5 ہزار روپے سے زائد کی کمی درج کی گئی۔

 

بین الاقوامی بازار میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.8 فیصد تک گراوٹ آئی اور فی اونس قیمت کم ہوکر 3 ہزار 789 ڈالر ہوگئی۔ جبکہ چاندی کی قیمت بھی گر کر 46.02 ڈالر فی اونس پر آگئی۔کموڈیٹی ایکسچینج میں گولڈ فیوچرز کی قیمت فی 10 گرام 1 لاکھ 31 ہزار 512 روپے رہی جبکہ سلور فیوچرز کی قیمت فی کلو 1 لاکھ 64 ہزار 279 روپے ریکارڈ کی گئی۔

 

ماہرین کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے دسمبر میں شرحِ سود بڑھانے کے امکانات مضبوط ہونے سے سونے اور چاندی جیسی ایسی دھاتوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم ہوئی ہے جن پر کوئی سود حاصل نہیں ہوتا۔

 

اس کے علاوہ ہندوستانی روپے کی قدر میں اضافہ بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ آج 93.27 کی سطح پر کھلا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button