اسپشل اسٹوری

پیٹ میں شاور کا 4 فٹ لمبا پائپ! ڈاکٹروں کے بھی اُڑ گئے ہوش، کئی گھنٹوں کی پیچیدہ سرجری کے بعد مریض کی جان بچائی گئی

باتھ روم کے تنازعہ نے ہولناک شکل اختیار کرلی! نوجوان کے جسم میں 4 فٹ لمبا شاور پائپ داخل کردیا گیا، بڑی آنت پھٹ گئی، ڈاکٹروں نے پیچیدہ آپریشن کے ذریعے جان بچالی

 

جودھپور، 23 نومبر: راجستھان کے شہر جودھپور میں انسانیت کو شرمسار کردینے والا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں باتھ روم کے استعمال پر پیدا ہونے والے تنازعہ کے دوران چند نوجوانوں نے مبینہ طور پر ایک نوجوان کے جسم میں تقریباً 4 فٹ لمبا شاور پائپ داخل کردیا۔ اس واقعہ میں نوجوان کی بڑی آنت شدید طور پر متاثر ہوگئی اور پائپ پیٹ کے اندر تک پہنچ کر پھنس گیا۔ انتہائی نازک حالت میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کئی گھنٹوں کی پیچیدہ سرجری کے بعد پائپ نکال کر اس کی جان بچالی۔

 

اطلاعات کے مطابق متاثرہ نوجوان کو 12 نومبر کو جودھپور کے ماتھوراداس ماتھور (ایم ڈی ایم) اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ طبی معائنے اور اسکین کے دوران ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ تقریباً ساڑھے تین سے چار فٹ طویل شاور پائپ مقعد کے راستے جسم میں داخل کیا گیا تھا، جو بڑی آنت کو نقصان پہنچاتے ہوئے پیٹ کے اندر تک پہنچ گیا تھا۔

 

ڈاکٹروں کے مطابق یہ معاملہ انتہائی سنگین تھا، کیونکہ پائپ جسم کے اندر اہم اعضا اور خون کی بڑی شریانوں کے قریب پہنچ چکا تھا۔ معمولی سی غفلت بھی اندرونی خون بہنے، خطرناک انفیکشن اور دیگر اہم اعضا کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی تھی، جس سے مریض کی جان بھی جاسکتی تھی۔

 

13 نومبر کو جنرل سرجری یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر دنیش دت شرما کی قیادت میں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ہنگامی آپریشن کیا۔ جراحی کے دوران بڑی آنت میں احتیاط کے ساتھ چیرا لگاکر تقریباً چار فٹ طویل پائپ باہر نکالا گیا اور متاثرہ آنت کی مرمت بھی کی گئی۔ ڈاکٹروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ پائپ نکالتے وقت جسم کے اندر موجود چھوٹی آنت، شہ رگ، پیشاب کی نالی اور دیگر اہم خون کی شریانوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

 

اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وکاس راج پروہت نے ڈاکٹروں کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ طبی معاملہ تھا۔ کامیاب آپریشن کے بعد مریض کی حالت میں بہتری آرہی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔

 

قابل ذکر بات یہ ہے کہ مریض کا مکمل علاج راجستھان حکومت کی مکھیہ منتری آیوشمان آروگیہ اسکیم کے تحت مفت کیا گیا۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کے سلسلے میں متاثرہ شخص کی جانب سے تاحال پولیس میں کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کروائی گئی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button