حیدرآباد میں بم حملوں کی دھمکی۔پولیس نے کی شہریوں سے یہ اپیل

حیدرآباد، 22 نومبر: حیدرآباد کے بعض مقامات پر ممکنہ بم حملوں سے متعلق دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد سٹی پولیس نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
پولیس کمشنر کے مطابق مشتبہ مقامات پر اینٹی سبوٹیج (تخریب کاری کی روک تھام) کی جانچ کی گئی ہے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی گشت اور نگرانی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والوں کی شناخت اور ان کا سراغ لگانے کے لیے سائبر کرائم پولیس سرگرمی سے تحقیقات کررہی ہے۔
حیدرآباد سٹی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں پھیلائیں بلکہ پرسکون رہیں۔ کسی بھی مشتبہ شخص یا لاوارث شئے کی موجودگی کا پتہ چلنے پر فوری طور پر ڈائل 112 کے ذریعے پولیس کو اطلاع دیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہے اور ہر شہری کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔



