نائب امیر جماعت اسلامی ہند و سرپرست آئی وائی ایم جناب ایس امین الحسن کا آئی وائی ایم تلنگانہ کی یوتھ کانفرنس سے خطاب
آئی وائی ایم کے ہر رکن کو اپنے قول و عمل اور کردار سے اپنے محلے اور بستی میں مثالی نوجوان بننا چاہیے، نائب امیر جماعت اسلامی ہند و سرپرست آئی وائی ایم جناب ایس امین الحسن کا آئی وائی ایم تلنگانہ کی یوتھ کانفرنس سے خطاب

حیدرآباد، 22 نومبر /. آئی وائی ایم کے سرپرست اور جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر جناب ایس امین الحسن صاحب نے کہا کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے سب سے پہلے اپنی ذات میں اصلاح اور تبدیلی پیدا کرنا ضروری ہے۔ فرد کی اصلاح سے خاندان اور خاندان کی اصلاح سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس مقصد کے لیے عزم، حوصلے اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔آئیڈیل یوتھ موومنٹ (آئی وائی ایم) تلنگانہ کی ایک روزہ ریاستی یوتھ کانفرنس سے اپنے خطاب میں انہوں نے منتظمین اور امیر حلقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر وقت میں کانفرنس کے بہترین انتظامات قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے قرآن مجید کی آیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں کو اپنی ذات سے تبدیلی کا آغاز کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سب سے پہلے اپنی اصلاح کریں، اپنے کردار کو بہتر بنائیں اور اپنے گھروں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کریں۔ اس کے بعد اپنے محلوں، بستیوں اور وسیع تر معاشرے کی اصلاح کے لیے سرگرم ہوں۔ معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کو دور کرنے کے لیے اخلاص، احساسِ ذمہ داری اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ کام کرنا ضروری ہے
۔جناب ایس امین الحسن نے داعیانِ دین کی عملی زندگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر داعی کو سب سے پہلے خود نماز اور روزے کا پابند ہونا چاہیے۔ آئی وائی ایم کے ہر رکن کو چاہیے کہ وہ اپنے قول و عمل، اخلاق اور کردار کے ذریعے اپنے محلے اور بستی میں ایک مثالی شخصیت بنے۔ اس ضمن میں انہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام کے پاکیزہ کردار اور عملی زندگی کی مثال بھی پیش کی
۔انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے محلوں اور بستیوں میں عوامی مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کے لیے مؤثر انداز میں کونسلنگ کریں۔ مساجد سے متعلق مسائل اور دیگر چھوٹے چھوٹے سماجی مسائل کو باہمی مشاورت، حکمت اور مناسب طرزِ عمل کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان محض تبدیلی کی بات کرنے کے بجائے خود تبدیلی کا عملی نمونہ بنیں۔ آئی وائی ایم کے ہر رکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کردار، اخلاق اور عمل کے ذریعے معاشرے میں اعتماد پیدا کرے اور اپنی آبادیوں میں ایک مثالی نوجوان کی حیثیت سے خدمات انجام دے۔



