تلنگانہ

انجمن سجادگان و متولیان و خدمت گذاران وقف کا خانقاہ حضرت شاہ خاموشؒ میں اجلاس۔ مختلف قراردادوں کی منظوری 

حکومت کو صیانت وقف سے زیادہ سیاست سے دلچسپی 

اوقافی امور، اقلیتی بہبود کی کارکردگی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال 

انجمن سجادگان و متولیان و خدمت گذاران وقف کا خانقاہ حضرت شاہ خاموشؒ میں اجلاس۔ قراردادوں کی منظوری 

حیدرآباد 22 نومبر (پریس نوٹ) دی اسوسی ایشن آف تلنگانہ سجادنشین، متولیان و خدمت گذاران وقف کا ایک اہم اجلاس خانقاہ حضرت شاہ خاموشؒ نامپلی میں زیرصدارت صدر اسوسی ایشن مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر حیدرآباد کی مختلف درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادگان، وقف اداروں کے متولیان کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ، وقف بورڈ کے امور کو بہتر بنانے، قاضیوں کے مسائل پر غوروخوص، محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی ٹھپ ہوجانے، اصلاح معاشرہ، قتل غارتگری، نشہ و دیگر لعنت کے خاتمہ اور یکساں سیول کوڈ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کئی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ وقف بورڈ تقریبا دو برس سے غیر کارکرد ہے،

 

جس کی معیاد آئندہ مہینوں میں ختم ہونے والی ہے۔ وقف بورڈ کی معیاد کے اختتام سے قبل حکومت نیا بورڈ تشکیل دے، اسپیشل آفیسر کا تقرر نہ کرے، اسپیشل آفیسر کا تقرر صرف بورڈ کی برخاستگی پر کیا جاتا ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے مکمل وقف بورڈ کو تشکیل دیا جائے تاکہ وقف جائیدادوں کے تحفظ و ترقی کے اقدامات ہوسکیں۔ اقلیتی بہبود کی کارکردگی کو بہتر بنانے مجلسی قیادت کے ساتھ حکومت سے نمائندگی کی جائے۔ قضاءت کے امور میں یکسانیت لانے اور قضاءت کے وقار کی بحالی، غیروں میں اس کے احترام کو بحال کرنے، متولیان و سجادگان کے زیرالتوا کاموں اور مقدمات میں بورڈ کے تعاون کو حاصل کرنے، اسوسی ایشن کی جانب سے نوجوانوں کی کمیٹی تشکیل دینے، وکلاء کی ٹیم تیار کرنے کی قراردادیں منظور کی گئیں۔

 

اجلاس میں مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم، مولانا سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی قرارداد منظور کرکے ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام پر فائز ہونے کی دعا کی گئی۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل کئی وعدے کیے تھے اور منشور میں تفصیلات جاری کی تھیں لیکن اس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے مسائل سے کسی کو دلچسپی نہیں ہے اور ان مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت میں کس سے رجوع کرنا ہے یہ بھی واضح نہیں ہے۔ وقف بورڈ کے گزشتہ دو برس سے اجلاس کے عدم انعقاد کی وجہ سے کام کاج ٹھپ ہے اور اس دوران جو فیصلے لیے جارہے ہیں

 

اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کو وقف کی صیانت سے زیادہ سیاست میں دلچسپی ہے۔ وقف کے نئے قانون کے تحت بورڈ صرف 5 فیصد وقف فنڈ حاصل کرسکتا ہے۔ بعض امور میں 50 فیصد آمدنی جمع کرنے کے لئے بورڈ جبر کررہا ہے، جس کی کوئی قانونی گنجائش اور کوئی قاعدہ نہیں ہے۔ ان مسائل کو مجلسی قیادت کے ذریعہ حکومت تک پہنچانے اور نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا مظفر علی صوفی ابوالعلائی، مولانا سید ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ، مولانا قاضی سید نور الاصفیاء روحی اعظمی، مولانا صوفی ذاکر علی دانش ایڈوکیٹ، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری، مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی مختار پاشاہ، مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، مولانا ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ اور اضلاع کے ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری نے خیر مقدم کیا، اجلاس کی کاروائی چلائی آخر میں شکریہ ادا کیا۔ آخر میں مولانا سید شاہ مرتضی تاج الدین حیدر قادری کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ نور اللہ حسینی قادری، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا میر فراست علی شطاری ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، مولانا سید جیلانی پاشاہ قادری، مولانا سید سعد الدین محمد قادری، مولانا سید عبداللہ صفی حسینی قادری، مولانا سید اسلم حسین حافظی، مولانا میر غلام حسن علی چشتی مرزائی زبیر بابا، مولانا کلیم اللہ چشتی مرزائی، مولانا سید ولی اللہ حسینی ثانی افتخاری چشتی پاشاہ، مولانا سید وصی اللہ قادری، مولانا سید احمد محی الدین قادری نوری شاہ ثانی، مولانا سید ستار حسینی بندہ نوازی، مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا، مولانا سید رضوان پاشاہ قادری مشائخ بالاپور، مولانا بختیار نواب ابوالعلائی اور دیگر شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button