ساتھی طلبہ سے جھگڑے کے بعد نرسنگ کالج کی طالبہ کی خودکشی کی کوشش – جگتیال نرسنگ کالج میں واقعہ

جگتیال، 27 نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے جگتیال میں سرکاری نرسنگ کالج کے ہاسٹل میں تھرڈ ایئر کی زیر تعلیم ایک طالبہ نے ساتھی طلبہ کے ساتھ جھگڑے اور مبینہ ہراسانی کے بعد جمعرات کی شام گولیاں کھاکر خودکشی کی کوشش کی۔ ساتھی طالبات نے اسے فوری طور پر ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ یہ واقعہ تاخیر سے منظر عام پر آیا۔
متاثرہ طالبہ نے الزام لگایا کہ ساتھی طلبہ کے ساتھ تنازعہ کے بعد اسے مسلسل ہراساں کیا جارہا تھا اور بعض اساتذہ کا رویہ بھی تکلیف دہ تھا۔ اس نے پرنسپل اور وائس پرنسپل سے شکایت کی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ شکایت کے بعد ہراسانی میں مزید اضافہ ہوگیا اور اسے نازیبا الفاظ سے مخاطب کرتے ہوئے ذہنی اذیت پہنچائی گئی۔
دوسری جانب طالبہ کے والدین نے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پرنسپل سے وضاحت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کا فون بند تھا۔



